Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں شہریوں پر تشدد کی ویڈیو کا نوٹس، واقعے میں ملوث پولیس اہلکار معطل

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے (فائل فوٹو: اسلام آباد پولیس)
اسلام آباد میں پولیس کے شہریوں پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد آئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
جمعرات کی رات کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں تھانہ مارگلہ کی حدود کے علاقے سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو شہریوں پر مبینہ طور پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو بنانے والے شہری نے یہ دعویٰ کیا کہ ان کے گھر کے باہر ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے ان سے شناختی دستاویزات طلب کیں ان پر تشدد بھی کیا اور خواتین کو بھی ہراساں کیا۔
واقعے کے دوران شہریوں نے مدد کے لیے 15 پر کال کی، مگر اضافی نفری موقع پر نہ پہنچی اور ان کو سماعت کے لیے تھانے لے جایا گیا اور تحریری معافی مانگنے پر شہریوں کو چھوڑا گیا۔
یہ ویڈیو سامنے آتے ہی وائرل ہو گئی جس کا آئی جی پولیس اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے نوٹس لیا اور ملوث پولیس اہلکاروں کی معطلی کا حکم جاری کیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد پولیس میں اختیارات کا ناجائز استعمال ناقابلِ برداشت ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہریوں پر تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انکوائری ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضان نے انکوائری شروع کر دی ہے اور ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہو گی۔
بیان کے مطابق اس انکوائرئ میں شہریوں کا مؤقف لینے کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں سے بھی بات کی جائے گی اور تمام معلومات پر مشتمل رپورٹ آئی جی کو پیش کی جائے گی۔
بعد ازاں اسلام آباد پولیس کے متعلقہ اہلکاروں کی بھی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں اُنہوں نے شہریوں پر تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں 15 پر کال آئی، جس کے بعد ہم چیکنگ کے لیے موقع پر گئے، تاہم وہاں موجود شہریوں نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا، ہماری ویڈیو بنانا شروع کر دی اور گالم گلوچ بھی کی۔
بیان کے مطابق ’اسی وجہ سے شہریوں کو تھانے لے جایا گیا جہاں انہوں نے معذرت کی اور ویڈیو بنانے والے لڑکے کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس پر ان کو چھوڑ دیا گیا۔‘
سوشل میڈیا صارفین اسلام آباد پولیس کے شہریوں پر تشدد کے معاملے پر سخت تنقید کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسے رویے کی بھی سخت حوصلہ شکنی کی جائے۔

شیئر: