Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آزادی مارچ‘ کے شرکا کے لیے ایک ہفتے کا راشن

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ’آزادی مارچ‘ کے شرکا نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 روز سے پڑاؤ ڈال رکھا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مظاہرین میں راشن بیگز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی ف کے مطابق آزادی مارچ میں شریک کارکنان کو ایک ہفتے کا راشن دیا جائے گا جس میں دال، چینی، پتی ، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔
اسلام آباد میں سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر جے یو آئی ف کی جانب سے کارکنان میں گرم جیکٹس تقسیم کرنے کا بھی دعویٰ کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں
ادھر حکومت کی جانب سے حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی کو انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات پارلیمانی کمیٹی یا جوڈیشل کمیشن سے کروانے کی پیشکش کی گئی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کے استعفی کے بغیر کسی بھی پیشکش پر غور کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد حکومت اور حزب اختلاف میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔
27 اکتوبر کو جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا آزادی مارچ یکم نومبر کو اسلام آباد پہنچا تھا جس کے بعد شرکا نے اسلام آباد کے ایچ نائین گراؤنڈ  پر دھرنا دے رکھا ہے۔

 


راشن میں دال، چینی، پتی ، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی (فوٹو:سوشل میڈیا)

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے پلان بی اور سی کا عندیہ دیا گیا ہے اورامکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اتوار کی شب یا آئندہ ہفتے کے آغاز سے  پلان بی اور سی کا اعلان کریں گے۔

شیئر: