Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کے نامزد وزیر اعظم کون ہیں؟

محمد الصفدی لبنان کے دولت مند افراد میں سے ایک ہیں۔ فائل فوٹو عرب نیوز
لبنان کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ جبران باسیل کے مطابق سابق وزیر خزانہ محمد الصفدی وزارت عظمیٰ کا منصب قبول کرنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔
اگر تمام سیاسی جماعتوں نے رضا مند ی ظاہر کی تو وہ وزیراعظم بن سکتے ہیں۔
سی این این کے مطابق لبنان میں ’الوطنی الحر ‘ پارٹی کے سربراہ اور وزیر خارجہ جبران باسیل نے ایک بیان میں کہا کہ مستعفی وزیراعظم سعد الحریری کے جانشین سے متعلق مشاورت پیر کو شروع ہوگی۔
 ’وزیر خزانہ محمد الصفدی سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بڑی سیاسی جماعتوں کی رضا مندی پروزارت عظمیٰ کا منصب قبول کرنے کا عندیہ دیا ہے‘۔ 

مستعفی وزیراعظم سعد الحریری کے جانشین سے متعلق مشاورت پیر کو شروع ہوگی۔ فوٹو اے پی 

جبران باسیل نے مزید کہا ’ اگر ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ الصفدی کے نام پر اتفاق نہ ہوا تو ایسی صورت میں کسی اور نام پر اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی‘۔
لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق الصفدی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے کی تجویزسعد الحریری کی ’المستقبل ‘ پارٹی،جبران باسیل کی ’الوطنی الحر‘ پارٹی، ’حزب اللہ‘ اور امل تحریک کے رہنماﺅں کی ملاقات میں سامنے آئی ہے۔ اس وقت لبنان کی عبوری حکومت میںانہی پارٹیوں کی نمائندگی ہے۔

حمد الصفدی کو وزیر اعظم بنائے جانے کی خبر پر مظاہرین مشتعل ہوگئے۔فوٹو رویٹر

محمد الصفدی کی عمر 75برس ہے۔ 2011 سے 2014 کے دوران نجیب میقاتی کی حکومت میں وزیر خزانہ تھے۔ اس سے قبل وہ 2008 کے دوران فواد السنیورة کی حکومت میں وزیر اقتصاد و تجارت اور 2009 کے دوران الحریری کی حکومت میں بھی اسی منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔
محمد الصفدی لبنان کے دولت مند افراد میں سے ایک ہیں۔ ان کا تعلق طرابلس علاقے سے ہے جہاں کے 26 فیصد باشندے خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
 یاد رہے کہ چند ہفتے قبل لبنان کے متعدد شہروں میں سعد الحریری کی حکومت کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے تھے ۔ مظاہرین بیروت سمیت متعدد شہروں میں دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔
لبنانی صدر میشال عون نے ٹو یٹ کی تھی کہ نئی حکومت سازی کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچنے والا ہے۔ چند روز میں نئی حکومت تشکیل پاجائے گی۔
دریں اثنا محمد الصفدی کو وزیر اعظم بنائے جانے کی خبر پر مظاہرین مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان سے پورے سیاسی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: