Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینک اپ ڈیٹ کا میسج بھیجنے والے 13 پاکستانی گرفتار

سعودی عرب میں موبائل صارفین میں شاید ہی کوئی ایسا ہو جسے ’مبارک ہو، آپ کا پانچ لاکھ کا انعام نکلا ہے‘ کا پیغام یا کال موصو ل نہیں ہوئی۔
اور شاید ہی کوئی موبائل صارف ہو جسے ’آپ کا اے ٹی ایم کارڈ بند ہوچکا ہے، اپ ڈیٹ کے لیے کال کریں‘ کا پیغام موصول نہیں ہوا۔
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
مگر اب صارفین کو شاید طویل عرصے تک ایسے پیغام اور کال موصول نہیں ہوں گے کیونکہ سعودی پولیس نے دو شہروں میں الگ الگ کارروائی کرکے موبائل صارفین کو دھوکہ دینے والے اس گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
انعامی رقم اور بینک اپ ڈیٹ کے پیغامات بھیجنے والے گروہ میں 13 پاکستانی تارکین گرفتار ہوئے ہیں جن میں سے 9 افراد کو مکہ مکرمہ ریجن جبکہ 4 کو قصیم سے پکڑا گیا ہے۔
 مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان میجر محمد بن عبد الوہاب الغامدی نے کہا ہے کہ’ موبائل صارفین کو دھوکہ دینے والے گروہ میں 9 پاکستانی تارکین گرفتار ہوئے ہیں جن کی عمریں 30 سے 60 سال کے درمیان ہیں‘۔

گروہ کے افراد موبائل صارفین کو بینک کارڈ بند ہونے کے میسج کی کرتے تھے ( فوٹو : عاجل)

سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’ریجن پولیس گروہ کی تلاش میں تھی۔ خفیہ معلومات کے مطابق گروہ نے اب تک سیکڑوں افراد کو لوٹا ہے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’گروہ کے افراد موبائل صارفین سے رقوم کے علاوہ بینک تفصیلات اور ذاتی کوائف بھی حاصل کرتے تھے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں گروہ کے افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے نقدی کے علاوہ 44 موبائل سمیں اور متعدد موبائل کے علاوہ مختلف ڈیوائسز ضبط ہوئے‘۔
دوسری طرف قصیم ریجن پولیس نے بھی موبائل صارفین کو دھوکہ دینے والے ایک اور پاکستانی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
اے ایس پی کے مطابق قصیم ریجن کے پولیس ترجمان میجر بدر السحیبابی نے کہا ہے کہ ’ریجن پولیس نے 4 پاکستانی تارکین کو گرفتار کیا ہے جو دھوکے بازی اور جعلسازی کے مرتکب تھے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’گروہ کے افراد بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ فراڈ کے علاوہ انعام کا لالچ دیکر سادہ لوح افراد کو لوٹا کرتے تھے‘۔

پولیس نے دو ریجنوں میں الگ الگ کارروائی کے دوران گروہ کے افراد کو گرفتار کیا ہے (فوٹو: سبق)

 انہوں نے بتایا ہے کہ ’قصیم ریجن میں پولیس گروہ کی تلاش میں تھی۔ گروہ کے افراد موبائل صارفین کو انعام کا لالچ دیتے تھے اور اے ٹی ایم کارڈ بند کرنے یا بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرنے کے پیغامات بھیجتے تھے‘۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ’قصیم ریجن میں گروہ کے قبضے سے لوٹی گئی رقم، متعدد موبائل فون، سم کارڈ اور کمپیوٹر کے علاوہ دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز بھی بر آمد کی گئی ہیں‘۔
واضح رہے کہ مختلف دھوکے باز گروہ دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی کافی عرصے سے سرگرم ہیں۔ بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ فراڈ سے قبل بھی موبائل انعامی اسکیم کے ذریعے دھوکے بازوں نے دسیوں افراد کو لوٹا ہے۔
ماضی میں متعدد ایسے گروہ سرگرم تھے جو انتہائی منظم انداز میں کارروائی کرتے ہوئے اپنے شکار کی موبائل سم کا سیریل نمبر بتاتے ہوئے کہا کرتے تھے کہ ’ٹیلی کمیونیکشن کمپنی کی جانب سے آ پ کو مبارک ہو، پانچ لاکھ ریال انعام نکلا ہے، انعام حاصل کرنے کے لیے پانچ سو ریال کے ریچارج کارڈ کا سیریل نمبر لکھائیں تاکہ آپ فائل مکمل کی جاسکے‘۔
اگر کوئی ان سے مزید تصدیق کرنا چاہتا تو جعل ساز پہلے سے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے حاصل شدہ معلومات کے مطابق اپنے شکار کو ان کے موبائل سم کا 15 نمبروں پر مشتمل وہ سیریل نمبر لکھاتے جو کسی کو یاد بھی نہیں ہوتا۔

شیئر: