Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دبنگ تھری سے ہندو سادھوؤں کے ڈانس نکالا جائے‘

تنظیم کا کہنا ہے کہ فلم کے ٹائٹل سانگ سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان کی آئندہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’دبنگ تھری‘ کے گانے پر شروع ہونے والا تنازع انڈیا کے سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیٹ (سی بی ایف سی) تک پہنچ گیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہندو تنظیم ’جناجگروتی سمیتی‘ نے سی بی ایف سی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ’دبنگ تھری‘ کے ٹائٹل سانگ ’میں ہوں دبنگ دبنگ، ہُڑ دبنگ‘ سے ہندو سادھوؤں کے ڈانس کے مناظر کو ہٹایا جائے۔
تنظیم نے سی بی ایف سی سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان مناظر کو فلم سے ہٹایا نہیں جاتا تو فلم کا سینسر سرٹیفکیٹ منسوخ کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق ’جناجگروتی سمیتی‘ تنظیم کی چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر کی شاخوں نے دبنگ تھری کے ٹائٹل سانگ کے خلاف سینسر بورڈ میں شکایت درج کرائی ہے۔
سی بی ایس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’اگر فلم کو اسی طرح ریلیز کیا گیا جو کہ ٹریلر میں دکھایا گیا ہے تو یہ ہندوں بھگوان اور سادھوؤں کی افسوسناک عکاسی ہوگی اور یہ دھرم کا مذاق اڑانے اور تضحیک کرنے کے مترادف ہے۔‘
تنظیم کا کہنا ہے کہ فلم کے ٹائٹل سانگ سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
ہندو تنظیم ’جناجگروتی سمیتی‘ کے مطابق ’فلم بنانے والوں نے ہندو سادھوؤں کو سلمان خان کے ساتھ دریا کے کنارے رقص کرتے دکھا کر ان کا رتبہ کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

’دبنگ تھری‘ دبنگ سیریز کی پہلے دو فلموں ’دبنگ ون‘ اور ’دبنگ ٹو ‘ کا سیکوئل ہے (فوٹو: اے ایف پی)

تنظیم کا کہنا ہے کہ ’صرف یہ ہی نہیں بلکہ سلمان خان کو ہندو عقیدے کے بھگوان سمجھے جانے والے ’شیو‘، ’وشنُو‘ اور ’براہما‘ جیسے حُلیے کے تین افراد سے آشیرواد لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ’دبنگ تھری‘ دبنگ سیریز کی پہلی دو فلموں ’دبنگ ون‘ اور ’دبنگ ٹو ‘ کا سیکوئل ہے۔
 فلم کی کہانی ایک چھوٹے گاؤں کے پولیس انسپکٹر کے اردگرد گھومتی ہے جو کہ رابن ہڈ کے جذبے سے سرشار ہیں۔
سلمان خان کے علاوہ ’دبنگ تھری‘ میں سوناکشی سنہا، فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی سائیں منجریکر، سندیپ، مہیش منجریکر، پرمود کھنہ، ڈمپل کپاڈیا، ماہی گل اور ارباز خان اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ 
دبنگ سیریز کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی ڈائریکشن انوبھاؤ کشیپ نے دی تھی، یہ فلم سپرہٹ ہوئی تھی۔

فلم میں سلمان کا سامنا سندیپ سے ہو گا جو کہ ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دبنگ سیریز کی دوسری فلم 2012 میں ریلیز ہوئی جس کے ہدایت کار سلمان خان کے بھائی ارباز خان تھے۔ ’دبنگ ٹو‘ ’دبنگ ون‘ سے بھی زیادہ کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی۔
دبنگ تھری‘ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ انسپکٹر چُلبل پانڈے کی اصل کہانی کے بارے میں ہوگی اور سلمان خان کی حالیہ فلم ’بھارت‘ کی طرح اس میں بھی سلمان خان بطور نظر آئیں گے۔
فلم میں سلمان کا سامنا سندیپ سے ہوگا جو کہ ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دبنگ تھری‘ آئندہ ماہ کی 20 تاریخ کو ریلیز ہو رہی ہے۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: