Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئرپورٹ پر دنیا کا سب سے بڑا ایکوریم

ایکوریم سے نئے ایئرپورٹ کے حسن میں اضافہ ہوگیا ہے۔ (فوٹو: عاجل)
جدہ کے نیو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں دنیا کے سب سے بڑے ایکیوریم کا افتتاح کردیا گیا۔ اس میں دو ہزار سے زیادہ نادر مچھلیاں موجود ہیں۔ 
ایکوریم سے جدہ کے نئے ایئرپورٹ کے حسن میں اضافہ ہوگیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان ابراہیم الروسا نے بتایا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ایکیوریم 14میٹر اونچا ہے۔ اس کا قطر 10میٹر ہے۔ اس میں 10لاکھ لٹر پانی کی گنجائش ہے۔ یہ میٹھے اور نمکین پانی کا مرکب ہے۔ اس کا درجہ حرارت 26 ہے۔

ایکیوریم میں انواع و اقسام کی مچھلیاں ہیں۔ ان کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ ہے۔ فوٹو: عاجل

محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ایکیوریم میں انواع و اقسام کی مچھلیاں ہیں۔ ان میں سے بعض نادر قسم کی ہیں۔ ان کی تعداد دو ہزار سے زیادہ ہے۔ ان کی خوراک کا خود کار نظام ہے۔ انہیں تازہ سمندری خوراک فراہم کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ جدہ کا نیا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مشرق وسطیٰ کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ اس کا مجموعی رقبہ آٹھ لاکھ 10ہزار مربع میٹر ہے۔ پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر اس سے سالانہ 30 ملین افراد سفر کرسکتے ہیں۔

۔ ایکیوریم ٹرانسپورٹ سینٹر کے وسط میں واقع ہے (فوٹو: عاجل)

جدہ کے نئے ایئرپورٹ کا ڈیزائن سعودی عرب کے جغرافیائی ماحول اور جدہ کے تاریخی ماحول سے لیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ کمپلیکس کے اندرونی اور اطراف کے علاقے کو سبزہ زارسے سجایاگیا ہے۔
ایئرپورٹ کے اندر 18ہزار مربع میٹر پر ایک پارک بھی ہے۔ اس کے درمیان سے خود کار ٹرین گزرتی ہے۔ ایکیوریم ٹرانسپورٹ سینٹر کے وسط میں واقع ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: