Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم مکی میں صفائی کا نیا نظام متعارف

ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے منگل کو صفائی کے نئے نظام کا افتتاح کیا، فوٹو: ایس پی اے
مسجد الحرام کے اندرونی اور بیرونی صحنوں کی صفائی کا نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ 
نئے نظام سے آئندہ کوئی بھی صحنوں کی صفائی اور بارش کے بعد پھسلن کا شکار نہیں ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس نے منگل کو صفائی کے نئے  نظام کا افتتاح کیا۔
خانہ کعبہ کے زائرین مسجد الحرام انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ کو حرم کی صفائی میں حصہ لیتے ہوئے دیکھ کر حیران رہ گئے۔
ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس نے نئے  نظام کا افتتاح کرتے وقت خود حرم کے صحنوں کی صفائی اور صحنوں کو خشک کرنے کے عمل میں حصہ لیا۔

نئی صفائی مشین ماحول دوست ہے، تھم بیٹری کی مدد سے چلائی جاتی ہے، فوٹو: ایس پی اے

 السدیس نے نئے  نظام کے حوالے سے کہا کہ’ یہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ممکن ہوسکا ہے۔ نئے سسٹم کے تحت ایک ہی مشین کے ذریعے صفائی بھی ہوگی اور صحنوں کو خشک بھی کیا جا سکے گا‘۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے صفائی کے نئے  نظام کے تحت دو مختلف سائز کی مشینیں فراہم کی ہیں۔ بڑی مشین ڈھائی ٹن کی ہے یہ حرم کے خارجی صحنوں کی صفائی کے لیے مخصوص ہے جبکہ چھوٹی صفائی مشین کا وزن 800 کلو گرام ہے۔ اس سے اندرونی صحنوں کی صفائی اور انہیں خشک کرنے کا کام لیا جائے گا۔
نئی مشینوں کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ ان کی مدد سے حرم کے ٹائلز کی صفائی کے علاوہ گرد وغبار بھی جذب کیا جا سکے گا۔ صفائی میں استعمال ہونے والے پانی کو مشین کے ذریعے خشک بھی کیا جا سکے گا۔
 نئی مشین میں ایک سکرین بھی  نصب ہے جس سے پتا لگایا جا سکے گا کہ پانی کس حد تک صحن میں موجود ہے۔
نئی صفائی مشین ماحول دوست ہے جو تھم بیٹری کی مدد سے چلائی جاتی ہے۔ اس میں پیٹرول استعمال نہیں کیا جاتا۔ یہ بیٹریاں چھ تا سات گھنٹے تک مسلسل موثر رہتی ہیں جبکہ مشین 20 منٹ کے اندر چارج ہوجاتی ہے۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: