Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آشا پاریکھ نے کس کی محبت میں تمام عمر شادی نہیں کی؟

آشا پاریکھ 1960 اور 1970 کی دہائی کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں: فوٹو اے ایف پی
اپنے زمانے کی بالی وڈ کی معروف اداکارہ آشا پاریکھ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’وہ جسے سب سے زیادہ چاہتی تھیں ان کے ساتھ شادی نہیں کر سکیں۔‘
وہ 1960 اور 1970 کی دہائی کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں اور انھوں نے تا عمر شادی نہیں کی جس کی وجہ بالی وڈ سٹار عامر خان کے چچا ناصر حسین سے ان کی محبت تھی۔ انھوں نے اپنی سوانح حیات ’دی ہٹ گرل‘ میں بھی اس کا اظہار کیا ہے کہ وہ فلم ساز ناصر حسین سے محبت کرتی تھیں۔
اس کے علاوہ انھوں نے اس سے قبل کئی مرتبہ یہ بات سر عام بھی کہی ہے۔ حال ہی میں ایک میگزین کے ساتھ انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا کہ ’ناصر صاحب واحد شخص ہیں جن سے میں نے محبت کی ہے۔ میں ان کی محبت میں گرفتار ہو گئی تھی۔ میں نے ان سے محبت کی لیکن ان کی نہ ہو سکی۔‘  
انھوں نے خود نوشت کے بارے میں کہا کہ ’اگر میں اپنی سوانح حیات میں ایسے لوگوں کے بارے میں نہ لکھ سکوں جو میری زندگی میں اہمیت رکھتے تھے تو پھر سوانح لکھنا بے کار ہے۔‘
آشا پاریکھ نے کہا کہ ’وہ ان سے شادی اس لیے نہیں کر سکیں کہ وہ پہلے سے ہی شادی شدہ تھے اور وہ کسی کا گھر توڑنا نہیں چاہتی تھیں۔‘
خیال رہے کہ ناصر حسین نے 1959 میں فلم ’دل دے کے دیکھو‘ سے آشا پاریکھ کا کیریئر شروع کیا تھا۔ اس کے بعد وہ 1971 میں آنے والی فلم ’کارواں‘ تک ان کی ہر فلم میں شامل رہیں۔ آشا پاریکھ کی اہم فلموں میں ’دو بدن‘، ’کنیا دان‘ اور ’کٹی پتنگ‘ وغیرہ بہت مقبول ہوئیں۔

ممبئی میں فلم سٹار سیف علی خان کو سال کے سٹائل آئیکون ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فوٹو: ٹوئٹر

فلم فیئر گلیمر اینڈ سٹائل ایوارڈ

منگل کے روز ممبئی میں سلور سکرین کے ستارے فلم فیئر گلیمر اینڈ سٹائل ایوارڈ کی تقریب میں اپنے جلوے بکھیر رہے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ گلیمر کی دنیا میں نو عمروں کی دھوم ہوتی ہے لیکن وہاں سیف علی خان کو سال کے سٹائل آئیکون کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اداکارہ عالیہ بھٹ تقریب میں سیاہ اور گلابی گاؤن میں شریک ہوئیں، انھیں سب سے سٹائلش اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ اسی کیٹگری میں مردوں کا ایوارڈ اداکار ایوشمان کُھرانہ کے حصے میں آیا۔

اداکارہ عالیہ بھٹ کو سب سے سٹائلش اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

عالیہ بھٹ کے ساتھ سٹیج پر آنے والے اداکار ورون دھون کو سب سے گلیمرس اداکار کا ایوارڈ دیا  گیا جبکہ اسی کیٹگری میں خواتین کا ایوارڈ اداکارہ انوشکا شرما کو ملا۔
اداکارہ دیا مرزا کو سٹائل اور وومن آف سبسٹینس کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کرینہ کپور نے حاملہ ہونے کے بارے میں سب سے پہلے کسے بتایا؟

اداکارہ کرینہ کپور نئی فلم ’گڈ نیوز‘ یعنی خوش خبری میں نظر آنے والی ہیں۔ اس میں وہ حاملہ بھی نظر آ رہی ہیں۔ اسی مناسبت سے انھوں نے حال ہی میں ایک برانڈ کے لیے جاری کردہ اپنی ایک ویڈیو میں بتایا کہ انھوں نے اپنے حاملہ ہونے کے بارے میں سب سے پہلے کسے بتایا۔
روایتی طور پر ایسی باتیں بہنوں، سہیلیوں اور ماؤں کو بتائی جاتی ہیں لیکن کرینہ کپور نے بتایا کہ ’انھوں نے سب سے پہلے یہ بات اپنے شوہر سیف علی خان کو بتائی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ظاہر ہے کہ پہلے شخص میرے شوہر تھے۔ ہم بہت زیادہ پُرجوش تھے اور ایسا چاہتے تھے کہ ہو۔ یہ زندگی کی سب سے بڑی خوشی تھی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’جو عورت بچہ پیدا کرنا چاہتی ہے اس کے لیے ماں بننا سب سے بڑی خوشی ہوتی ہے۔‘
تیمور علی خان کی پیدائش 20 دسمبر 2016 کو ہوئی تھی اور وہ پیدائش کے بعد سے ہی مسلسل خبروں میں رہے ہیں۔
کرینہ کپور ان دنوں ’لال سنگھ چڈھا‘ نامی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو کہ ہالی وڈ فلم ’فارسٹ گمپ‘ پر مبنی ہے۔ جبکہ آنے والی فلم ’گڈ نیوز‘ میں وہ ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ آئی وی ایف کے ذریعے بچہ پیدا کرنے کوشش کر رہی ہیں۔

اداکارہ دیا مرزا کو سٹائل اور وومن آف سبسٹینس کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد وہ فلم ’انگریزی میڈیم‘ میں ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی کامیابی کے بعد بنائی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ ہندی میڈیم میں معروف اداکار عرفان خان اہم کردار میں تھے جبکہ انگریزی میڈیم میں بھی وہ نظر آنے والے ہیں۔

شیئر: