Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سنیپ چیٹ پر مذاق اڑانا مہنگا پڑ گیا

عدالت نے سزا سنانے کے بعد اسٹے آرڈر بھی جاری کردیا۔فوٹو :سبق
سعودی عرب کی فوجداری کی عدالت نے بعض شہریوں کے طور طریقوں کا مذاق اڑانے پر سنیپ چیٹ کی ایک معروف شخصیت کو تین ماہ قید اور پانچ ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
مکہ اخبار کے مطابق عدالت نے سزا سنانے کے بعد سٹے آرڈر بھی جاری کردیا۔
سعودی قانونی مشیر اور وکیل ڈاکٹر عبداللہ الغوینم کے مطابق ’جب بھی مذاق کے نام پر کسی کے وقار سے کھیلا جائے گا۔ مذاق جرم کے دائرے میں آئے گا۔‘

قانونی مشیر  کے مطابق مذاق کے نام پر کسی انسان کے وقار کو زک پہنچانا منع ہے۔ فوٹو:سوشل میڈیا

ڈاکٹر الغوینم نے مزید کہا ’مذاق کے نام پر کسی انسان کے وقار کو زک پہنچانا منع ہے۔ ایسا کوئی بھی فقرہ جس سے فتنہ پیدا ہوتا ہو یا قبیلے یا خاندان یا معاشرے میں تفرقہ برپا ہوتا ہو جرم کے دائرے میں آتا ہے۔ دوسروں کی نجی زندگی میں دخل اندازی ہر حال میں جرم ہے۔‘
’سعودی حکومت نے ملکی آئین کی دفعہ 26 میں انسانی حقوق کو تحفظ فراہم کیا ہے اور کسی کے بھی وقار سے کھیلنے سے منع کیا ہے۔‘
 قانونی مشیر کا کہنا تھا ’سعودی آئین کے دفعہ 39 کے بموجب ذرائع ابلاغ اور اظہار کے تمام ذرائع پر یہ پابندی ہے کہ وہ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے معاشرے میں فتنہ پھیلتا ہو یا تفرقہ و انتشار برپا ہوتا ہو یا ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچتا ہو یا دیگر ممالک کے ساتھ ریاست کے تعلقات متاثر ہوتے ہوں۔‘
’سعودی آئین کی دفعہ تین کے تحت دوسروں کی نجی زندگی سے کھیلنا، کسی کو بدنام کرنا یا کیمرہ موبائل کے ذریعے کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنا جرم ہے۔‘

شیئر: