Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فن لینڈ، کم عمر ترین وزیر اعظم کا انتخاب

سنا مرین کی جیت کے موقع پر ان کی عمر سے متعلق سوالات کیے گئے۔ فوٹو: ٹوئٹر
فن لینڈ نے 34 سالہ سنا مرین کو سب سے کم عمر وزیراعظم منتخب کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ 
 34 سالہ سنا مرین صرف فن لینڈ کی نہیں بلکہ دنیا کی تاریخ کی سب سے پہلی کم عمر ترین وزیر اعظم ہیں۔  
سنا مرین کا تعلق سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ہے۔ 
فن لینڈ کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں صنفی تناسب کم کرنے کے لیے کوششیں جاری رہتی ہیں۔
سنا مرین سے جب ان کی عمر سے متعلق سوالات کیے گئے تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں (لوگوں کا) اعتماد واپس حاصل کرنے کے لیے بہت کام کرنا ہے۔‘
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں آتے وقت اپنی عمر اور صنف کا نہیں سوچا تھا۔
’میں صرف ان وجوہات کے بارے میں سوچتی ہوں جن کی بنا پر میں سیاست میں آئی ہوں، اور وہ جن کی بدولت ہم نے لوگوں کا اعتماد جیتا ہے۔‘
34 سال کی عمر میں سنا مرین کا شمار دنیا کے کم عمر ترین ریاستی رہنماؤں میں ہو گیا ہے اور اس فہرست میں وہ یوکرین کے وزیر اعظم اولیکسی ہونکارک سے آگے بڑھ گئی ہیں، جن کی عمر 35 سال ہے۔
سنا مرین فن لینڈ کی وزیر ٹرانسپورٹ رہ چکی ہیں اور اب منگل کو حلف اٹھانے کے بعد ملک کی تیسری خاتون وزیر اعظم بن جائیں گی۔
جہاں دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں عورتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری ہے، وہاں فن لینڈ ایسا ملک ہے جس کی حکومت کی ترجیحات میں صنفی تناسب کم کرنا شامل ہے۔

34 سال کی عمر میں سنا مرین کا شمار دنیا کے کم عمر ترین ریاستی رہنماؤں میں ہوگیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

عالمی اقتصادی فورم (ورلڈ اکنامک فورم) کی 2018 کی ایک رپورٹ کے مطابق فن لینڈ ان ممالک میں سے ہے جنہوں نے سیاسی اختیار کے حوالے سے صنفی تناسب 50 فیصد تک کم کر دیا ہے۔ یعنی ملک کی سیاست میں حصہ لینے والی عورتوں اور مردوں کی تعداد کے فرق میں کمی آ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاشی شرکت اور موقعوں کے لحاظ سے فن لینڈ میں صنفی تناسب اب بھی زیادہ ہے، کیونکہ کچھ شعبوں میں عورتوں کو ابھی اور آگے بڑھنا ہے۔

شیئر: