Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چلی کا فوجی طیارہ 38 مسافروں سمیت لاپتہ

جہاز پر سوار افراد میں سے 17 عملے کے ارکان ہیں جبکہ باقی مسافر ہیں (فوٹو: لاک ہیڈ مارٹن)
چلی کا ایک فوجی طیارے ملک کے جنوبی علاقے پنتا اریناز کے ایئر پورٹ سے پرواز کے بعد لاپتہ ہو گیا ہے۔ جہاز پر 38 افراد سوار تھے۔
چلی ایئر فورس کے مطابق ملک کے جنوب سے انٹارکٹیکا کے ایک بیس کے لیے پرواز کے بعد سے جہاز کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز پر سوار افراد میں سے 17 عملے کے ارکان ہیں جبکہ باقی مسافر ہیں۔
چلی کے صدر سباستیان پِنیرا نے  ٹویٹ کیا کہ وہ وزیر داخلہ کے ساتھ پنتا اریناز جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہاں پہنچ کر وزیر دفاع البرٹو اسپنا سے ملیں گے اور سرچ اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کریں گے۔
چلی کی فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ سی ون 30 ہرکولیس جہاز مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر 55 منٹ کو پنتا اریناز کے شہر سے ’ایڈوارڈو فیری انٹارکٹک بیس‘ کے لیے  اڑان بھری۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر فورس نے چھ  بج کر 13 منٹ پر جہاز کے ساتھ رابطہ منقطع ہونے پر ایمرجنسی کا اعلان کیا اور ایئر فورس اور بحریہ کے جہازوں کے ساتھ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

چار انجنوں والا سی ون 30 جہاز  عموماً لاجسٹک اور فوجیوں کو انٹارکٹک بیس منتقل کرنے کے کام آتا ہے (فائل فوٹو: اے پی)

چار انجنوں والا سی ون 30 جہاز  عموماً لاجسٹک اور فوجیوں کو انٹارکٹک بیس منتقل کرنے کے کام آتا ہے۔
جہاز کے غائب ہونے کا واقعہ چلی کے حالیہ ہنگامی صورتحال میں تازہ ترین اضافہ ہے۔
چلی میں لوگ گذشتہ دو مہینے سے ملک میں موجود سماجی نا انصافی اورعدم مساوات کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔
’آرگنائزیشن آف امریکن سٹیٹس‘ کے مطابق  حالیہ بحران کے دوران پرتشدد مظاہروں میں اب تک 26 افراد ہلاک  اور 12 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

شیئر: