Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی 

انشورنس پیکیج پر ایک لاکھ ریال تک ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی۔ فوٹو: ٹوئٹر
 سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کردیا گیا ہے۔ عمرے پر باہر سے آنے والوں کو زیادہ بہتر صحت خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔
الوئام ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر حج  ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کردیے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا ’ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ بیرون مملکت سے عمرے پر آنے والوں کو بہتر اور اعلی معیار کی صحت خدمات میسر ہوں۔ مملکت آمد سے لے کر روانگی تک صحت نگہداشت ہوتی رہے‘۔

سعودی وزیر حج  اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کردیے۔ فوٹو: ٹوئٹر

وزیر حج و عمرہ نے مزید کہا کہ بیرون مملکت سے عمرے پر آنے والوں کے لیے انشورنس پروگرام جامع ہے۔ یہ عمرہ پر ایجنسیوں کے ذریعے یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والوں کے لیے ہے۔
وزیر حج کے مطابق’ انشورنس اسکیم میں صحت نگہداشت ، ہیلتھ ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات، سامان گم ہونے، پرواز میں تاخیر اور ایئرپورٹ پرقیام سمیت تمام امور شامل ہوں گے‘۔
’عمرہ زائرین سے متعلق ہیلتھ انشورنس اسکیم سستی اور مناسب نرخوں پر ہوگی۔ یہ سعودی عرب میں موجود تمام انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پیش کی جائے گی۔انشورنس کا دورانیہ 30دن ہوگا‘۔
التعاونیہ انشورنس کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبدالعزیز البوق نے بتایا ’ عمرہ زائر کو انشورنس پیکیج پر ایک لاکھ ریال تک کی ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی‘۔
المدینہ اخبار کے مطابق اس سے قبل نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا تھا کہ عمرہ ویزا کی فیس 300ریال ہوگی۔ یہ فیس 49 ممالک سے عمرے پر آنے والے زائرین کے لیے مقرر ہے۔ عمرے پر آنے والے کو میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 110ریال دینا ہوں گے۔

شیئر: