Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علیم ڈار نے سٹیو بکنر کا ریکارڈ توڑ دیا 

علیم ڈار امپائرنگ کو بطور کریئر اپنانے سے قبل فرسٹ کلاس فرسٹ کھیل چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ امپائر علیم ڈار نے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے کا ریکارڈ اپنے نام کر دیا ہے۔ 
علیم ڈار کا یہ بطور ٹیسٹ امپائر 129واں میچ ہے جبکہ اس سے قبل سٹیو بکنر 128 میچوں کے ساتھ سرفہرست تھے۔
جمعرات کو پرتھ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فیلڈ امپائرنگ کی خدمات سرانجام دیتے ہوئے انہوں نے سٹیو بکنر کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 128 میچوں میں امپائرنگ کی تھی۔ 
51 سالہ علیم ڈار امپائرنگ کو بطور کریئر اپنانے سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے سنہ 2000 میں سری لنکا کے خلاف پاکستان میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کریئر کا آغاز کیا تھا۔ 
اس وقت سے وہ اب تک 207 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں، ایک روزہ میچوں کا عالمی ریکارڈ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن کے نام ہے جو اب تک 209 میچوں میں خدمات سرنجام دے چکے ہیں۔ 

علیم ڈار سنہ 2000 سے امپائرنگ کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

آئی سی سی کے مطابق علیم ڈار نے اس موقع پر کہا ہے کہ ’یہ ایک ایسا سنگ میل ہے جس کے بارے میں انہوں نے اپنے امپائرنگ کریئر کے آگاز میں کبھی نہیں سوچا تھا۔ یہ واقعی ایک خوشگوار احساس ہے اور میری زندگی کا اہم لمحہ ہوگا جب میں آسٹریلیا میں میدان میں جاؤں گا، اپنے گھر گوجرانوالہ سے ہزاروں میل دور جہاں سے میں نے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ ’سٹیو بکنر میرے لیے مثالی رہے ہیں اور مجھے اب احساس ہو رہا ہے کہ میں ان سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں فرائض سرانجام دے چکا ہوں۔‘ 
اپنے کریئر کے یادگار لمحات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’تقریبا دو دہائیوں پر مشتمل اپنے بین الاقوامی کریئر میں نے خوش قسمتی سے کئی یادگار میچ دیکھے اور برائن لارا کی 400 ناٹ آؤٹ ٹیسٹ اننگز اور سنہ 2006 میں جوہانسبرگ میں ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کا  434 رنز کا ہدف حاصل کرنے جیسے کارنامے دیکھنے کا موقع ملا۔‘ 

شیئر: