Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں شہریت بل پر ہنگامے ،جاپانی وزیر اعظم کا دورہ ملتوی

انڈین وزارت خارجہ نے دورہ ملتوی کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
جاپان کے وزیراعظم شینزو ایبے نے سکیورٹی کی مخدوش صورت حال کے تناظر میں انڈیا کا دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ 
انڈین وزارت خارجہ نے دورہ ملتوی کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا ’ مجوزہ دورے کے حوالے سے دونوں ملکوں نے مستقبل قریب میں باہمی سہولت سے تاریخ کے تعین تک دورے کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
 واضح رہے کہ متنازع شہریت ترمیمی بل کی منظوری کے بعد سے کئی شہروں میں جاری پرتشدد مظاہرے اس کی وجہ بنے ہیں۔ 
گوہاٹی ان دنوں شہریت کے متنازع بل پر ہونے والے مظاہروں سے کٹ گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کا دورہ بھی منسوخ کر دیا گیاہے۔

 امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ٹوکیو میں حکومتی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ’ جاپانی وزیرا عظم نے انڈیا کی داخلی صورتحال سے متعلق نئی دہلی سے آنے والی ایک رپورٹ کے جواب میں دونوں ملکوں کی حکومتوں نے بات چیت کے بعد دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ‘۔
ترجمان کے مطابق’ دونوں ملکوں کے رہنما سالانہ دورے کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شینزو ایبے کے دورے کے بارے میں مناسب وقت پر فریقین فیصلہ کریں گے‘۔
 خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جاپانی ہم منصب کے ساتھ شمال مشرقی ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں ملاقات طے تھی۔
 شیڈول کے مطابق دونوں وزرائے اعظم کوگوہاٹی میں ملاقات کے بعد مَنی پورجانا تھا۔
 واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کا دورہ بھی منسوخ کر دیا گیاہے۔
 بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ عبدالمومن انڈیا میں ایک کانفرنس میں شرکت کرنے والے تھے۔ انڈین وزیر خارجہ سے حیدرآباد ہاوس میں ملاقات بھی طے تھی۔
بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ کا دورہ بھی غیر یقینی ہے۔ وزیر داخلہ کو ریاست میگھالیہ میں ایک تقریب میں شرکت کرنا تھی۔

شیئر: