Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کی ملکیت کی منتقلی ’ابشر‘ کے ذریعے

اب تارکین کو گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے لیے شو روم جانے کی ضرورت نہیں (فوٹو: سبق)
سعودی شہری اور غیر ملکی گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی آن لائن سسٹم کے ذریعہ کر سکیں گے۔ انہیں گاڑی کی منتقلی کے کاغذات بنانے کے لیے شو روم جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف نے آن لائن سسٹم ’ابشر‘ میں 13 نئی خدمات کے اضافے کی منظوری دے دی ہے جن میں گاڑیوں کی ملکیت کی آن لائن منتقلی بھی شامل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو آن لائن خدمات فراہم کرنے والے سسٹم ابشر میں امن عامہ، ٹریفک، جوازات اور محکمہ شہری احوال کی طرف سے پیش کی جانے والی 13 نئی خدمات کا اضافہ کیا ہے۔
آن لائن سسٹم ابشر کے ذریعہ گاڑیوں کی ملکیت کی آن لائن منتقلی سے لاکھوں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سہولت ہو جائے گی۔
عکاظ اخبار کے مطابق آن لائن سسٹم کے ذریعہ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے لیے ضروری ہے کہ شہری یا غیر ملکی کے شناختی دستاویزات جیسے اقامہ وغیرہ کے علاوہ گاڑی کے کاغذات مکمل اور نافذ العمل ہوں۔
ابشر کے ذریعہ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کی سہولت صرف افراد کو حاصل ہوگی۔ تجارتی اداروں کو اپنی گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی کے لیے پہلے کی طرح شوروم سے دستاویزات تیار کروانے ہوں گے۔
ابشر میں شامل ہونے والی نئی خدمات میں منفرد اقامہ کے حامل افراد کے لیے ویزے نکلوانے کی سہولت کے علاوہ بیرون مملکت موجود اہل خانہ کے ایگزٹ ری انٹری ویزے میں توسیع بھی شامل ہے۔
محکمہ شہری احوال کی طرف سے پیش کی جانے والی جن سہولتوں کو ابشر میں شامل کیا گیا ہے ان میں نومولود کی آن لائن رجسٹریشن شامل ہے۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ کے آن لائن سسٹم ابشر سے 14 ملین شہری اور غیر ملکی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
باخبر رہیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: