متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر دو دن کی تعطیل کا اعلان
شہری اور رہائشی چار دن کے طویل ویک اینڈ سے لطف اندوز ہوں گے۔(فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے وفاقی وزارتوں اور سرکاری اداروں میں امارات کے قومی دن( 54 ویں عید الاتحاد) پر دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
یکم اور 2 دسمبر 2025 ( پیر اور منگل ) کو تعطیل ہوگی، جبکہ بدھ 3 دسمبر سے معمول کا کام دوبارہ شروع ہوگا۔
امارات میں سنیچر اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے، اس طرح شہری اور رہائشی چار دن کے طویل ویک اینڈ سے لطف اندوز ہوں گے۔
فیڈرل اتھارٹی نے اس موقع پر امارات کی قیادت، حکومت، شہریوں اور رہائشیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کے لیے مزید ترقی، خوشحالی اور کامیابی کی دعا کی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت تعلیم نے بھی سرکاری اور نجی سکولوں میں یک اور دو دسمبر کو دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے امارات نے گزشتہ برس سرکاری اور نجی شعبے کے لیے تعطیلات کے شیڈول کی منظوری دی تھی۔
اس میں عیدالفطر اور عید الاضحی کے علاوہ یوم عرفہ، نئے ھجری سال، 12 ربیع الاول، امارات کے قومی دن اور سال نو کی تعطیل شامل ہے۔
