Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردنی ماڈل قانونی چارہ جوئی کریں گی

 اردنی ماڈل نے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر جاری وڈیو بیان جاری کیا ہےفوٹو: المرصد
اردن کی اداکارہ اور ماڈل نے سوشل میڈیا پر ہاتھ چومنے کی وڈیو وائرل کرنے والو ں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی ہے۔
اردنی ماڈل نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر جاری وڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’ہر اس شخص سے اپنا حق لے کر رہوں گی جس نے میری عزت خاک میں ملا دی۔‘
اداکارہ نے مزید کہا ’سعودی عرب میں بننے والے اشتہارات میں کام کرتی رہی ہوں۔ مملکت کی جانب سے اشتہار دے کر اداکاروں سے رابطہ کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔‘
’میرے مد نظر صرف اتنا تھا کہ اشتہار میں کام کرنا ہے۔ پہلے بھی میں یہ کام کرتی رہی ہوں۔ بعد میں پتہ چلا معاملہ اشتہار کا نہیں تھا بلکہ کچھ اور تھا۔‘

 پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق تحقیقا ت سے پتہ چلا ہے کہ وڈیو کلپ جعلی نہیں اصلی ہے۔ فوٹو: المرصد 

اردنی اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اگلی صبح فوٹو سیشن میں حصہ لینا تھا تو وہ رات کو جلدی سو گئی تھیں۔
’صبح بیدار ہوئی تو مبینہ وڈیو کلپ دیکھ کر حیران رہ گئی۔‘
اردنی ماڈال نے مزید کہا کہ وہ اپنے وکیل اور متعلقہ اداروں کی مدد سے ان سب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی جنہوں نے انہیں بدنام کیا اور ان کی عزت خاک میں ملائی۔
و اضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک سعودی نوجوان کو خاتون کا ہاتھ چومتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ 
ویڈیو وائرل ہونے پر ٹوئٹر پر سعودی شہریوں نے انتہائی غم وغصے کا اظہار کیا تھا۔
سعودی پبلک پراسیکیوٹر نے آداب عامہ کی خلاف ورزی اور برائی کا اعلان کرنے پر سعودی شہری اور خاتون کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار نے اس حوالے سے بتایا کہ ’پبلک پراسیکیوشن نے فوجداری کارروائی قانون کی دفعہ 17 کے بموجب فوجداری کا دعویٰ دائر کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ قانون کی دفعہ 24، 27 اور 28 کے مطابق شواہد جمع کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔’
پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق تحقیقا ت سے پتہ چلا ہے کہ وڈیو کلپ جعلی نہیں، اصلی ہے۔ اور اس میں معروف شخصیات موجود ہیں۔ تمام ملوث افراد کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی ہے۔‘
الریاض اخبار کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ جس نوجوان نے وڈیو میں لڑکی کا ہاتھ چوما ہے وہ ٹی وی کے کامیڈی پروگرام میں حصہ لے چکا ہے۔ 
اپنی طرف لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے وڈیو کلپ جاری کرتا رہتا ہے۔ بعض وڈیوز ایسی بھی جاری کی ہیں جن پر رائے عامہ اس کے خلاف سراپا احتجاج بن گئی تھی۔

شیئر: