Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹیم جیت سے 3 وکٹوں کی دوری پر

دوسری اننگز میں چار بلے بازوں نے سینچری بنائی۔ (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے ہیں۔
 پاکستان نے سری لنکا کو فتح کے لیے 476 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پانچ روزہ میچ کے چوتھے روز 476 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ 39 کے مجموعی سکور پر گری جب کرونارتنے 16 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔
اس کے فورا بعد ہی نسیم شاہ نے مینڈس کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔ 
70 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے میتھیوز کو بھی آؤٹ کر دیا، وہ صرف 19 رنز بنا سکے۔ 
سری لنکا کی چوتھی وکٹ 96 کے مجموعی سکور پر گری جب نسیم شاہ نے چندی مل کو دو رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔  اس کے اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے ڈی سلوا کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ 
97 رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد نروش ڈک ویلا اور اوشاڈا  فرنینڈو کے درمیان 104 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی اور دونوں بلے بازوں نے بیٹنگ لائن کو کچھ سہارا فراہم کیا۔ 
تاہم 65 کے انفرادی سکور پر حارث سہیل نے ڈک ویلا کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔ سری لنکا کی ساتویں وکٹ چوتھے دن کے آخری اوور میں گری جب پریرا پانچ رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

بابر اعظم 100 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو اے ایف پی)

اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 555 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔ 
پاکستان کی جانب سے پاکستان کے چار بلے بازوں نے سینچری مکمل کی۔ 
عابد علی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 174 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 135 رنز بنائے۔ 
اظہر علی 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 100 اور محمد رضوان 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 191 بنائے تھے، جس کے جواب میں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر 80 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ 
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ 

شیئر: