Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی؟

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے مطابق وہ کھلاڑی کی رائے کو بھی اہمیت دیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہوم گراؤنڈ پر مکمل دورے کے بارے میں سخت مؤقف اپنائے جانے کے باوجود بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم صرف ٹی 20 سیریز کھیلنے پاکستان جا سکتی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے کا فیصلہ ٹی 20 ٹور کے بعد کریں گے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ وہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے احساسات کو سمجھتے ہیں تاہم بنگلہ دیشی کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کی رائے کو بھی دیکھنا ہوگا۔
’یقینا پاکستان کوشش کرے گا کہ ان کے ملک میں عالمی کرکٹ مکمل طور پر بحال ہو۔ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کی رائے کو دیکھنا ہے اور ٹیم انتظامیہ کا مؤقف بھی مدنظر رکھنا ہے جو غیر ملکی ہیں۔‘
نظام الدین چودھری نے کہا کہ ان کے میچ کا ماحول بھی اہمیت رکھتا ہے اور پاکستان کے طویل دورے کے لیے متعلقہ افراد کی رائے بھی اہم ہے۔
’ابتدائی طور پر تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے ایک مختصر دورے کی تجویز ہے تاکہ کھلاڑی اور ٹیم انتظامیہ وہاں کے حالات کے بارے میں بہتر اندازہ لگا سکیں۔‘
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کو بتایا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔
’بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط کے جواب ابھی نہیں آیا، جب باضابطہ طور پر جواب موصول ہوگا تو سیریز کا شیڈول طے کیا جائے گا۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے کہا ہے کہ ہوم سیریز ہر صورت پاکستان میں ہوگی۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو مکمل دورے کے لیے پاکستان ٹیم بھیجنے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کی ویمن اور یوتھ ٹیم پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے تو پھر کرکٹ ٹیم کو مکمل دورہ کرنے میں ہچکچاہٹ کیوں ہے؟
خیال رہے کہ پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے کہا تھا کہ کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان اپنی ہوم سیریز ملک سے باہر کھیلے گا۔ ’پاکستان اپنے تمام میچز خواہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوں یا کسی اور ٹیم کے ساتھ، صرف پاکستان کے میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔‘
انہوں نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کے پاس بھی ایسی کوئی وجہ نہیں کہ وہ پاکستان کھیلنے کے لیے نہ آئیں۔

شیئر: