Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک خط کے ذریعے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی تفصیلات پوچھی ہیں۔ (فوٹو:اے ایف پی)
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ بی سی بی نے اپنے اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو لکھے خط میں اس بات کی خواہش کا اظہار کیا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم  صرف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔  
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ایک اور خط ارسال کیا ہے جس میں ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی تفصیلات پوچھی گئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز ایک ساتھ پاکستان میں  منعقد کرنے کا خواہاں ہے۔
پی سی بی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کی ویمن اور انڈر 19 ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا اس دوران بنگلہ دیش نے سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔

نومبر میں بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

پی سی بی حکام کے مطابق فیوچر ٹور پروگرام طے کرتے وقت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کا اظہار نہیں کیا تھا اور ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز ایک ساتھ کھیلنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
بنگلہ دیش کا سکیورٹی وفد پاکستان کا دورہ کر چکا ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق بنگلہ دیش سکیورٹی وفد نے سکیورٹی کے حوالے سے مثبت رپورٹ دی تھی۔
حال ہی میں سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم نے دس سال بعد پاکستان کا دورہ کیا جس میں دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی گئی تھی۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ یہ اعلان کر چکے ہیں کہ پاکستان اپنی ہوم سیریز کسی نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں