Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سال نو کا جشن: کراچی سی ویو جانے پر پابندی نہیں ہوگی

ہوائی فائرنگ کے واقعات روکنے کے لیے سے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے (فائل فوٹو اے ایف پی)
کراچی میں نیو ایئر نائٹ پر شہریوں کی جانب سے ممکنہ ہلڑ بازی سے نمٹنے کے لیے حکومت اور انتظامیہ نے اقدامات کر لیے ہیں تاہم حکام کے مطابق اس بار عوام پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی جا رہی اور شہر کے تمام راستے کھلے ہوں گے اور سی ویو جانے سے بھی لوگوں کو نہیں روکا جائے گا۔
سندھ حکومت، کراچی پولیس اور کراچی کی شہری انتظامیہ نے نئے سال کی آمد کا جشن منانے کے حوالے سے انتظامات اور سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے جس کے تحت پولیس کو ہوائی فائرنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی ہدایت پر سی ویو جانے والے راستے کھلے رہیں گے۔
پیر کو انسپکٹر جنرل سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام کہ سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام زونل ایڈیشنل آئی جی کو ہوائی فائرنگ کے واقعات روکنے کے لیے سے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ضلع جنوبی میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

شہر کے تفریحی مقامات جانے سے کسی کو نہیں روکا جائے گا: پولیس (فائل فوٹو اے ایف پی)

محکمہ داخلہ سندھ حکومت کی جانب سے نیو ایئرنائٹ کے موقع پر کراچی میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے حکم دے دیا ہے جس کے تحت 31 دسمبر کی شام سے یکم جنوری کی صبح تک تحت ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور آتش بازی کرنے کی ممانعت ہوگی۔
کراچی پولیس کے ترجمان قمر زیب تقی نے اردو نیوز کو بتایا کے نیو ائیر نائٹ پر اسلحہ لے کر چلنے والوں اور نشے کی حالت میں پائے جانے والے افراد کو فوری گرفتار کیا جائے گا جب کے نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے اور بنا سائلنسر موٹر سائیکل چلانے کی بھی ممانعت کی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔
نیو ایئر نائٹ پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیئے سندھ رینجرز کے افسران اور جوان کراچی اور اندرون سندھ میں گشت پر رہیں گے۔
دوسری جانب، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس جاوید علی مہر  نے سوموار کے روز منعقد اجلاس میں ٹریفک پولیس کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ نیو ائیر نائٹ میں ٹریفک  کی روانی کو متاثر نہ ہونے دیں اور تمام سہولیات کو بروائے کار لاتے ہوئے اپنی نگرانی میں ٹریفک کو منظم انداز سے چلائیں۔ انہوں نے مرکزی انٹر سیکشنز پر اضافی نفری تعینات کرنے اور شام چھ بجے کے بعد سے تمام قسم کی ہیوی ٹریفک کو روڈ پر نہ نکلنے دینے کے احکامات بھی جاری کیے۔
ہر سال نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی ہوتے ہیں اور قیمتی جانیں بھی ضائع ہوتی ہیں۔ گذشتہ برس ہوائی فائرنگ سے 18 افراد زخمی ہوئے تھے جب کہ اس سے پچھلے سال 24 افراد زخمی ہوئے تھے۔

شیئر: