Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ یونیورسٹی میں تدریس کی دوسری زبان چینی مقرر

ترقی یافتہ ممالک اپنے طلباء کو چینی زبان سیکھنے کی ترغیب دینے لگے ہیں(فوٹو:اخبار24)
جدہ یونیورسٹی نے تدریس، ریسرچ اور علمی تحقیقات کی دوسری زبان چینی مقرر کردی۔
اخبار 24کے مطابق جدہ یونیورسٹی کونسل کا جمعرات کو اجلاس ہوا۔ صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر عدنان الحمیدان نے کی۔ اجلاس میں یونیورسٹیز کونسل کے سیکریٹری جنرل بھی شریک ہوئے۔
کونسل نے یونیورسٹی میں چائنیز لینگویج انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا فیصلہ کیا اور ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مشی گن یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

یہ فیصلہ ثقافت میں تنوع پیدا کرنے کا باعث بنے گا( اخبار24)

العربیہ نیٹ کے مطابق چین کے ساتھ سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور تمام سطحوں پر اسٹراٹیجک شراکت کو گہرا کرنے کے لیے چینی زبان سعودی نصاب تعلیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی دورہ چین کے موقع پر کیاگیا۔
چینی زبان کو سعودی نصاب تعلیم و تربیت کا حصہ بنانے کا فیصلہ مملکت میں طلباء کی ثقافت میں تنوع پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔
عالمی اعدادوشمار ظاہر کررہے ہیں کہ چین سیاحت کے شعبے میں بہت زیادہ دلچسپی لے رہا ہے۔ چینی سیاحوں نے دنیا بھر میں اپنی اہمیت منوانا شروع کردی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک  اپنے طلباء کو چینی زبان سیکھنے کی ترغیب دینے لگے ہیں۔سعودی عرب میں بھی چینی سیاحوں میں دلچسپی لے رہا ہے ۔
چینی زبان سیکھنے سے سعودی شہریوں کو چین کے ساتھ تجارت اور سیاحت میں سہولت ملے گی۔ چین اس پروگرام کی فنڈنگ کرے گا۔ جس سے چینی زبان سیکھنے والے سعودیوں کو 50 ہزارملازمتیں ملیں گی۔
سعودی عرب نے چینی زبان میں نشریات کا بھی پروگرام بنالیا ہے۔

شیئر: