Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کی کتنی فلمیں 100 کروڑ کے کلب میں؟

2019 بالی وڈ کی فلموں کے لیے بہت بہتر سال ثابت ہوا، فوٹو: اے ایف پی
سنہ 2019 بالی وڈ کے لیے اس لحاظ سے یادگار رہا کہ اس برس ریکارڈ فلمیں 100 کروڑ کلب میں داخل ہوئیں۔
ریڈف ڈاٹ کام کے مطابق 2019 کے اختتام تک 17 فلمیں 100 کروڑ کے ہندسے کو پار کر چکی تھیں۔

وار:

سال 2019 کی سب سے کامیاب فلم وار رہی جس نے 318 کروڑ کمائے۔اگرچہ فلمی پنڈتوں کو ریتک روشن اور ٹائیگر شروف کی اس فلم سے بہت زیادہ توقعات وابستہ تھیں تاہم یہ بات کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھی کہ یہ سال کی سب سے بڑی فلم ثابت ہو گی۔
تاہم بڑی سکرین پر دو بڑے سٹارز کی  موجودگی، زبردست پروڈکشن اور ایکشن نے کام کر دکھایا اور فلم 300 کروڑ سے بھی آگے نکل گئی۔

کبیر سنگھ:

شاہد کپور کی کوئی فلم اس سے قبل 100 کروڑ کے کلب میں داخل نہیں ہوئی لیکن ’کبیر سنگھ‘ کی بدولت وہ 300 کروڑ کے قریب پہنچ گئے تھے۔اس فلم کا آغاز بھی بہت مثبت رہا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ باکس آفس پر اس کی کارکردگی بہتر ہوتی رہی۔
اس فلم کے ڈائیلاگ اور مواد سے پیدا ہونے والے تنازعے نے اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ شاہد کپور کے کیریئر کی سب سے بڑی فلم بن گئی۔

اُڑی: دا سرجیکل سٹرائیک

اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پہلے روز 10 کروڑ روپے سے آغاز کرنے والی فلم نے 200 کروڑ کیے ہوں۔تاہم ایسا ادیتیا ڈہر کی فلم ’اُڑی‘ کے ساتھ ہوا جس کا آغاز 8 کروڑ 20 لاکھ روپے سے ہوا اور پھر اس نے 200 کروڑ کا سنگِ میل عبور کر لیا۔ وکی کوشال نے اس فلم سے بہترین اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

اکشے کمار اور کرینہ کپور کی ’گُڈ نیوز‘ 150 کروڑ کا ہندسہ پار کر جائے گی، فوٹو: ٹوئٹر

 بھارت:

بالی وڈ سٹار سلمان خان کی ’بھارت‘ سے توقعات تھیں کہ یہ 300 کروڑ روپے کی بلاک بسٹر فلم ثابت ہو گی۔ اگرچہ اس ’بھارت‘ کی اوپننگ 42 کروڑ 30 لاکھ سے ہوئی تاہم سلمان خان اور کترینہ کیف کی یہ فلم زیادہ عرصے تک یہ سلسلہ برقرار نہ رکھ سکی۔
ہدایت کار علی عباس ظفر کی یہ فلم 200 کروڑ کا ہندسہ ہی پار کر سکی۔  

ہاؤس فُل فور 

ہاؤس فُل فور کے بارے میں عوام کی شدید منفی اور تنقیدی رائے کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ فلم بمشکل 100 کروڑ کے کلب میں داخل ہو گی تاہم اکشے کُمار کی جاندار کامیڈی نے اسے 200 کروڑ کے کلب میں پہنچا دیا۔ پروڈیوسر ساجد ناڈیا والا کی یہ فلم توقع سے بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی۔

سلمان خان اور کترینہ کیف کی ’بھارت‘ 200 کروڑ کے کلب میں داخل ہوئی، فوٹو: سوشل میڈیا

مشن منگل:

اس فلم کا موضوع بہت اہم تھا اور اس کے ساتھ اس کی کاسٹ میں اکشے کمار جیسے بڑے سٹار اور ودیا بالن، سوناکشی سنہا، تاپسی پنوں، کریتی کلہاری اور شرمن جوشی کی موجودگی نے اس فلم کو 200 کروڑ کے کلب میں داخل کر دیا۔
ڈائریکٹر جگن شکتی نے اس فلم کے ساتھ پورا انصاف کیا اور فلمی شائقین کو سنیما ہال تک لانے اور 203 کروڑ تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔

کیساری:

اکشے کمار اور کرن جوہر کی فلم ’کیساری‘ ایک حقیقی کہانی پر مبنی تھی جو شائقین کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب رہی۔ ’کیساری‘ کا آغاز بھی اچھا تھا اور اس کا اختتام 154 کروڑ 41 لاکھ پر ہوا۔

’چھچھورے‘ بھی 100 کروڑ کے کلب میں داخل ہونے میں کامیاب رہی، فوٹو: سوشل میڈیا

ٹوٹل دھمال:

اِندر کُمار کی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے مزاح اور اس کی کاسٹ میں اجے دیوگن، انیل کپور، مادھوری ڈکشٹ اور رتیش دیش مُکھ کی موجودگی نے اسے 100 کروڑ کے کلب میں پہنچا دیا اور یہ 154 کروڑ 23 لاکھ کمانے میں کامیاب رہی۔

چِھچھورے:

’چِھچھورے‘ کو باکس آفس پر حیران کن کامیابی ملی اور یہ 153 کروڑ 9 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔پہلے روز 7 کروڑ 32 لاکھ روپے سے آغاز کرنے والی ساجد ناڈیا والا اور نتیش تیواڑی کی فلم اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔ ’چِھچھورے‘ سشانت سنگھ راجپوت کے کیریئر کی اب تک سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی۔

مزاحیہ فلم ’ٹوٹل دھمال‘ نے بھی 150 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا، فوٹو: سوشل میڈیا

گُڈ نیوز:

سال 2019 کا اختتام ایک اچھی خبر کے ساتھ ہوا۔گڈ نیوز کا پرومو جاری ہونے کے بعد اس کے بارے میں اچھی رائے سُننے میں آئی۔ اکشے کمار اور کرینہ کپور کی ’گُڈ نیوز‘ کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ یہ 150 کروڑ کا ہندسہ پار کر جائے گی۔
اس کے علاوہ ’ساہو‘ بھی 150 کروڑ کما چکی ہے جبکہ ‘دبنگ تھری‘ بھی 150 کروڑ کے قریب ہے۔ اس طرح سال 2019 کی دسویں بڑی فلم کے لیے ’گُڈ نیوز‘، ’ساہو‘ اور ’دبنگ تھری‘ میں مقابلہ ہے۔

شیئر: