Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وہ پری کہاں سے لاؤں، تیری دلہن جسے بناؤں؟‘

اداکار انیل کپور کو پہلی بار فلم تیزاب میں اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوراڈ دیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
کیا آپ یہ یقین کر سکتے ہیں کہ بالی وڈ سٹار انیل کپور 63 سال کے ہو گئے ہیں۔ ان کے لکس اور فٹنس کو دیکھ کر تو ایسا بالکل نہیں لگتا۔ 
ان کی بیٹی اداکارہ سونم کپور نے بھی اس بات کی تائید کی ہے اور کہا ہے کہ ان کے والد سدا بہار 21 سال کے نوجوان ہیں۔
انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے والد کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہمیشہ 21 سال کے جوان! ہیپی برتھ ڈے ڈیڈی، آپ کا ملنگ روپ شاندار ہے۔‘ 
اس سے قبل انھوں نے لکھا: ’گھر کے سب سے زیادہ متاثر کن، سمجھدار، سب سے نوجوان شخص۔ ہمیشہ میرا سپورٹ سسٹم اور میری مضبوطی کا ستون  ہونے کے لیے آپ کا شکریہ ڈیڈی۔۔۔'

انیل کپور نے فلم وہ سات دن کے ساتھ بالی وڈ فلموں میں لیڈ رول ادا کرنا شروع کیا(فائل فوٹو:اے ایف پی)

انیل کپور کو پہلا فلم فیئر ایوارڈ فلم مشعل میں دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔ اس فلم کے بعد انیل کپور نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ میری جنگ میں ان کے اندر کا اینگری ینگ مین بھی سامنے آنے لگا اور اس کے بعد انہوں نے یکے بعد دیگرے بہت سی ہٹ فلمیں دیں جن میں محبت، مسٹر انڈیا اور فیروز خان کے ساتھ جانباز وغیرہ شامل ہیں۔
انھیں پہلی بار فلم تیزاب میں اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوراڈ دیا گیا۔ پھر رام لکھن، جوشیلے، لاڈلا اور بیٹا جیسی فلمیں آئیں۔ انھوں نے اپنے 40 سالہ فلمی کریئر میں 100 سے زیادہ فلمیں کی ہیں اور وہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم سلم ڈاگ ملنیئر میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ 

بالی وڈ کا ایلیجیبل بیچلر

اب جبکہ برتھ ڈے کی بات آ گئی ہے تو سلو بھائی سے اہم کس کی یوم پیدائش ہو سکتی ہے۔ وہ آج بھی سب سے ایلیجیبل بیچلر یعنی سب سے لائق کنوارے ہیں۔
لیکن وہ 27 دسمبر کو 54 سال کے ہو رہے ہیں۔ ان کے لیے بہت لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے ’وہ گوری کہاں سے لاؤں، تیری دلہن جسے بناؤں؟ کہ گوری کوئی پسند نہ آئے تجھ کو۔۔۔‘
لیکن سلمان خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے تو بہت بار پسند کیا بات شادی تک بھی پہنچی لیکن شادی نہ ہو سکی۔

سلمان خان 27 دسمبر کو 54 سال کے ہو رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

بہرحال ان دنوں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سلمان خان کی سالگرہ پر شاہ رخ خان جلوہ افروز ہوں گے۔ ویسے ان دونوں کا برتھ ڈے پر ملنا اچھا شگون نہیں ہوتا ہے۔
عام طور پر ہر بار سلمان خان اپنا یوم پیدائش نیو ممبئی میں پنویل کے اپنے فارم ہاؤس پر مناتے ہیں لیکن اس بار وہ اپنے بھائی سہیل خان کے گھر پالی ہل میں اپنا يوم پیدائش منا رہے ہیں کیونکہ مصروف جو بہت ہیں!
ان کے مہمانوں کی فہرست کے بارے میں اگر آپ سنیں تو آپ سمجھ جائیں گے ان کے قریب کون کون ہیں۔  مہمانوں کی فہرست میں شاہ رخ خان، کترینہ کیف، ورون دھون اور دبنگ تھری کی ان کی ہیروئن سوناکشی سنہا اور جیکلن فرنینڈیز اہم ہیں۔
ویسے سلمان خان کی فلم دبنگ تھری نے اتنی دھوم نہیں مچائی جتنی ان کی فلمیں عام طور سے مچاتی ہیں لیکن باکس آفس کے ریکارڈ بتاتے ہیں کہ ان کی یہ فلم بھی 100 کروڑ کے بزنس کا ہندسہ پار کر لے گی۔
خان صاحب یوم پیدائش مبارک!
گذشتہ روز دنیا بھر میں کرسمس کے تہوار منائے گئے بالی وڈ نے بھی کرسمس کا خیر مقدم اپنے انداز میں کیا۔ بالی وڈ تہوار منانے کے معاملے میں بہت لبرل ہے۔
اداکارہ کرینہ کپور خان اپنے بیٹے تیمور اور والدہ ببیتا کپور کے ساتھ ممبئی کے باندرہ میں واقع ماؤنٹ میری چرچ گئیں تو اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ اس موقعے کی مناسبت سے ایک تصویر شیئر کی ہے جسے دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ وہ دونوں یہ گیت گنگنا رہے ہیں: ’تیرے چہرے سے نظر نہیں ہٹتی، نظارے ہم کیا دیکھیں۔۔۔‘

دیپکا نے لکھا: ’ہماری جانب سے کرسمس کی مبارکباد! (اپنے طور پر کرسمس کے درخت کی سجاوٹ کے لیے دیپکا اینڈ کمپنی سے رابطہ کریں)۔‘ انسٹا گرام پر ان کی اس تصویر کو ایک گھنٹے میں 12 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے لائیک کیا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے شوہر نک جوناس کے ساتھ کرسمس کے لیے کوکیز سجا رہی ہیں۔

 
دیکھا جائے تو کرسمس کے تعلق سے بہت ساری کہانیاں ہیں۔ سنی لیونی نے بھی اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ تصویر شیئر کی ہے۔

شیئر: