Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کے ستاروں نے نئے سال کا جشن کہاں اور کیسے منایا؟

سونم کپور نے نیا سال اپنے اہل خانہ کے ساتھ منایا۔ فوٹو سوشل میڈیا
ایک زمانہ تھا جب لوگ اپنے سٹارز کی ایک جھلک پانے کے لیے فلمی میگزن کا بے صبری سے انتظار کیا کرتے تھے اور ان میگزن کی گاسپس کو مزے لے لے کر پڑھتے تھے۔
نئے سال اور مخصوص تہواروں پر انھیں انتظار رہتا تھا کہ ان کے پسندیدہ اداکار نے کیا پہنا؟ کہاں نیا سال منایا اور کس کے ساتھ منایا؟
لیکن اب یہ سب سوشل میڈیا کے ذریعے براہ راست ان اداکاروں کی جانب سے اپنے مداحوں تک پہنچنے لگا ہے اور شاید اسی لیے اب فلمی میگزین کا اس قدر کریز نہیں رہا تاہم ان میگزینز میں ان کے خصوصی انٹرویوز آج بھی دلچسپی کا باعث ہیں۔
آپ کو بتاتے ہیں کہ بالی وڈ کے نمایاں سٹارز نے نئے سال یا یوں کہہ لیں کہ نئی دہائی کو کس طرح خوش آمدید کہا یا پھر وہ اس اہم موقعے پر کہاں اور کس کے ساتھ تھے۔
ان دنوں سپورٹس اور شوبز میں گہرا تعلق نظر آ رہا ہے اور انڈیا میں جتنا فلموں کا کریز ہے اس سے کم شاید کرکٹ کا کریز نہیں۔ تو نئے سال کی شروعات اسی جوڑے سے کرتے ہیں یعنی انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما اس موقعے پر سوئٹزر لینڈ میں تھے۔
انھوں نے اپنے مداح کے لیے نئے سال سے قبل ہی نئے سال کے پیغام ریکارڈ کر لیے اور سب کو نئے سال کی مبارکباد دی۔
 لیکن وہاں صرف یہی جوڑا نہیں بلکہ انڈیا کے معروف کرکٹر نواب منصور علی خان پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے سیف علی خان اور ان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور بھی سوئٹزر لینڈ میں نیو ایئر منانے پہنچے ہوئی تھیں۔
اب سیف علی خان اور کرینہ کپور نے تو اپنا باضابطہ ٹوئٹر ہینڈل یا انسٹا گرام تو عام نہیں کیا ہے اس لیے ان کی وہاں موجودگی انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کے ذریعے ہوئی۔
 

 
انوشکا شرما نے نئے سال کی مشترکہ پارٹی کی خوب ساری تصاویر شیئر کیں جن میں سیف علی خان اور کرینہ کپور کے علاوہ اداکار ورون دھون اپنی گرل فرینڈ نتاشا دلال کے ساتھ نظر آئے۔
برفیلی وادیوں میں کرینہ کے ساتھ ان کی بہن ادکارہ کرشمہ کپور بھی تھیں۔

اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے اس موقعے پر اپنی ایک بچپن کی تصویر شیئر کی جس میں انھوں نے چہرے پر مونچھیں بنا رکھی ہیں۔ اس کے ساتھ انھوں نے اپنے مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور لکھا کہ ’ہمیشہ آپ کی سوچ اور عمل میں شفافیت ہو۔‘
ان کی اس تصویر کو ان کے مداحوں نے بہت سراہا ہے اور کئی نے تو یہ بھی لکھا ہے کہ ان کی مونچھیں تو ان کے شوہر اداکار رنویر کپور سے بہتر ہیں۔ لیکن بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ 'بھئی مونچھیں ہوں تو نتھو لال کی سی ہوں، ورنہ ناں ہوں۔'

دیپکا کے بارے میں جب بات نکل آئی ہے تو بتاتے چلیں کہ ان کی فلم چھپاک چند دنوں میں ریلیز ہونے والی ہے اور وہ ان دنوں اس کی پروموشن میں منہمک ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ یہ بات زیادہ گشت کر رہی ہے کہ ان کے گلے پر جو آر کے یعنی رنبیر کپور کا ٹیٹو تھا وہ غائب ہے۔ ایک زمانے میں دیپکا اور رنبیر کپور ایک ساتھ تھے۔ اب لوگوں کے دل میں یہ سوال ہے کہ کیا دیپکا نے مستقل طور پر اس ٹیٹو سے چھٹکارہ حاصل کر لیا ہے یا پھر انھوں نے اسے کسی طرح چھپا لیا ہے۔
بظاہر سیف اور کرینہ کی طرح کنگنا راناوت بھی سوشل میڈیا سے دور رہتی ہیں اور ان کی خبریں ان کی بہن رنگولی کے ذریعے ملتی رہتی ہیں۔
رنگولی نے بتایا ہے کہ دیپکا پاڈوکون نے کنگنا راناوت کی آنے والی فلم ’پنگا‘ کے ٹریلر کی تعریف کی ہے۔ ویسے پنگا کی تعریف اس سے قبل اداکار ابھیشیک بچن اور اداکارہ سونم کپور بھی کر چکی ہیں۔
رنگولی کے مطابق دیپکا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنے کاسٹ کے ساتھ بہت سارے ٹریلرز دیکھتی ہیں اور جب انھیں وقت ملتا ہے تو ایک ناظر کے طور پر وہ ان فلموں کو دیکھتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ’پنگا کے ٹریلر نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ اس کے ٹریلر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ فلم بھی اچھی ہوگی۔‘
ویسے کنگنا کی فلمیں ایک مختلف مزا رکھتی ہیں اور وہ اپنی اداکاری سے ان میں نکھار لاتی ہیں۔ اب جبکہ آپ کا مقابل بھی آپ کا معترف ہو جائے تو کیا کہنے۔ لیکن یہ سب جانتے ہیں کہ دیپکا بہت سادہ دل ہیں اور وہ کسی کی بھی تعریف کرنے میں پیچھے نہیں رہتیں۔
اب جبکہ نئے سال کی بات ہے تو بتا دیں کے سونم کپور اپنے اہل خانہ کے ساتھ نیا سال روم میں منا رہی ہیں۔ اس موقعے پر ان کے والد انیل کپور نے ایک اہم تصویر پوسٹ کی ہے جس میں ان کا پورا خاندان نظر آ رہا ہے۔
نئے سال پر امیتابھ بچن اور جیا بچن اپنے نواسے نواسی اور پوتی کے ساتھ نظر آئے۔
بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کا ٹویٹ شاید بات کا غماز ہے کہ وہ شہریت کے متنازع قانون پر خاموش کیوں رہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’ہم کون یہ کہنے والے ہیں کہ کسی کو کیسا رہنا چاہیے اور کیا کرنا چاہیے یا یہ سال اور مستقبل کیسا ہونا چاہیے۔ مجھے میں خود ہی بہت زیادہ کمیاں ہیں۔۔۔ میری خواہش ہے کہ مستقبل ہم سب کے لیے مہربان ہو اور ہم جو ہیں وہی رہیں۔ اللہ ہم سب پر مہربان رہے اس کے باوجود کے ہم ایسے ہیں۔ نئے سال کی مبارک باد۔‘
اور اس کے ساتھ انھوں نے اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔ سلمان خان نے خاموشی کو راہ دی ہے جبکہ عامر خان تو 17 نومبر کے بعد سے ہی خاموش ہیں۔
ارے ہاں جشن منانے میں اپنی دیسی گرل یعنی پرینکا چوپڑہ کہاں پیچھے رہتی ہیں۔ انھوں نے اپنے شوہر نک جوناس کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے اور گذشتہ سال نے جو کامیابیاں ان کی جھولی میں ڈالی ہیں ان کا ذکر کیا ہے۔

شیئر: