Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبیا میں ترکی کی فوجی مداخلت پرسعودی عرب کی مذمت 

سعودی عرب کے مطابق ترک مداخلت لیبیا میں استحکام کے لیے خطرہ ثابت ہوگی (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب نے لیبیا میں ترکی کی جانب سے مداخلت کی مذمت کی ہے اور اسے شمالی افریقہ کے ممالک سے متعلق امور پر سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے ترک پارلیمنٹ کی جانب سے لیبیا میں فوجی تعیناتی کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عرب لیگ نے یہ قراردار 31 دسمبر 2019 کو منظور کی تھی جس کا مقصد بحران کو حل کرنا ہے۔

سعودی عرب کے مطابق ترک فوج بھیجنے کی منظوری خودمختاری کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے (فوٹو عرب نیوز)

سعودی عرب کا خیال ہے کہ ترک مداخلت لیبیا میں سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ثابت ہوگی اور علاقائی صورت حال مزید مشکل سے دوچار ہو سکتی ہے۔ یہ خودمختاری کے بین الاقوامی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے اوراندرونی معاملات میں مداخلت بھی۔ دیگر ممالک نے بھی لیبیا میں لڑائی کے لیے فوج بھیجنے کے ترک صدر کے منصوبوں کی مخالفت کی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ترک سیاست دانوں نے لیبیا میں فوجی تعیناتی کے اختیار کے قانون کی منظوری دی تھی ۔ لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں پارلیمنٹ کے ہنگامی اجلاس میں طرابلس کی حکومت پر غداری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ لیبیا کے شہر بن غازی کے ارکان پارلیمنٹ نے ترکی پر ’استعمار کی واپسی‘ کا الزام لگایا ہے اور افریقی یونین نے بھی اس مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

افریقی یونین نے بھی ترک اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے (فوٹو عرب نیوز)

لیبیا کی پارلیمنٹ کے ترجمان عبد اللہ بلحیق نے کہا ہے کہ ’انقرہ کے ساتھ تعلقات منقطع اور معاہدوں کو ختم کرنے کے لیے اراکین نے متفقہ ووٹ دیا ہے۔‘
ادھر ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں افریقی یونین کے سربراہ موسیٰ فقی مہمت نے کہا کہ وہ ’لیبیا کی صورت حال اور وہاں کے عوامی مسائل پر گہری تشویش میں مبتلا ہیں۔ اندرونی معاملات میں سیاسی اور فوجی مداخلت سے محاذ آرائی کے خطرات بڑھے ہیں۔‘ 
فقی کا کہنا ہے کہ ’لیبیا کے عوام کے بنیادی حقوق، امن ،جمہوریت اور ترقی کی خواہش کا ان فوجی مقاصد سے کوئی سروکار نہیں۔‘
 بحرانوں کے پرامن حل کے لیے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ افریقہ کے ساتھ مل کرپرامن حل نکالیں۔

شیئر: