Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی آل الشیخ، باکسنگ کی دنیا میں سب سے با اثر شخصیت

’ترکی آل الشيخ نے باکسنگ کے کھیل میں ایک نمایاں اور معیاری تبدیلی پیدا کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ کو باکسنگ کی دنیا میں 50 نمایاں شخصیات میں سب سے زیادہ با اثر قرار دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق برطانوی جریدے ’Boxing News‘ نے دنیا بھر کی 50 نمایاں شخصیات کے نام شائع کئے ہیں۔
اس انتخاب کو جریدے کے سرورق پر جگہ دینا، عالمی سطح پر اس بات کا اعتراف ہے کہ ترکی آل الشيخ نے باکسنگ کے کھیل میں ایک نمایاں اور معیاری تبدیلی پیدا کی ہے۔
 چند ہی برسوں میں سعودی عرب باکسنگ کے تاریخی مقابلوں کے لیے سب سے اہم مرکز بن گیا ہے جنہیں مشرق و مغرب کے شائقین یکساں طور پر شدت سے انتظار کرتے ہیں۔
ان کی جرات مندانہ پہل اور عظیم مقابلوں کو سعودی عرب میں لانے کی کاوشوں کی بدولت باکسنگ اپنے روایتی مراکز لاس ویگاس اور لندن سے نکل کر ریاض، جدہ اور الدرعیہ جیسے نئے مقامات پر منتقل ہوئی جہاں اب سعودی عرب دنیا بھر کے ستاروں، شائقین اور کھیلوں کے فیصلہ سازوں کے لیے سب سے پرکشش منزل بن چکا ہے۔
 اس تبدیلی کو اکثر ’کھیل کے قواعدِ نو کی تشکیل‘ سے تعبیر کیا گیا ہے اور اس نے ثابت کیا ہے کہ سعودی عرب عالمی کھیلوں کے مستقبل کو متعین کرنے میں مرکزی کردار ادا کر سکتا ہے۔
فہرست میں ترکی آل الشيخ کا مسلسل دوسری بار شامل ہونا براہِ راست اس بات کی علامت ہے کہ ایک ترقی پذیر سفر جاری ہے، جو سعودی عرب کی اُس پرعزم بصیرت کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ صرف میزبانی پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ عالمی منظرنامے کے عین مرکز میں رہتے ہوئے خود بڑے ایونٹس تخلیق کرے گا۔

شیئر: