Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مفتی کفایت اللہ کو کام کرنے سے روک دیا گیا

پارٹی ترجمان کی جانب یہ واضح کیا گیا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کی پارٹی رکنیت معطل نہیں کی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی
جمیعت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللہ کو پارٹی عہدے پر کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
جے یو آئی ف کے مرکزی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ضلع مانسہرہ کے امیر مفتی کفایت اللہ کو صوبائی تنظیم نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر جماعت کے عہدے سے عارضی طور پر معطل کیا ہے۔‘
پارٹی ترجمان کی جانب یہ واضح کیا گیا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کی پارٹی رکنیت معطل نہیں کی گئی۔

 

تاہم مرکزی ترجمان کی جانب سے مفتی کفایت اللہ پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ مفتی کفایت اللہ ضلع مانسہرہ کے امیر ہیں اور مقامی ذرائع ابلاغ میں جے یو آئی کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔
مفتی کفایت اللہ حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ کو اپنے بیانات میں کافی تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ اس حوالے سے انہیں تاحال پارٹی کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا ’مجھے سوشل میڈیا کے ذریعے اس حوالے سے معلوم ہوا ہے لیکن مجھے باضابطہ نوٹس موصول نہیں ہوا۔‘

کفایت اللہ نے کہا کہ ’جب نوٹس موصول ہوگا تو وہ بتا سکیں گے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کیسے ہوئی۔‘ فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے مزید کہا کہ ’جب نوٹس موصول ہوگا تو وہ بتا سکیں گے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کیسے ہوئی۔‘
مفتی کفایت اللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پارٹی کی صوبائی قیادت نے ان کے خلاف ایکشن لیا ہے اور وہ اس کو مرکزی تنظیم کے سامنے چیلنج کریں گے۔‘
جمیعت علمائے اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے ترجمان جلیل جان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مفتی کفایت اللہ کو پارٹی عہدے پر کام کرنے سے روکا گیا ہے ان کی رکنیت معطل نہیں کی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ضلعی تنظیم کی جانب سے صوبائی تنظیم کو مفتی کفایت اللہ کے خلاف پارٹی کی پالیسی کے خلاف پریس کانفرنسز اور بیانات دینے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر صوبائی تنظیم نے کارروائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان الزامات کہ تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور ان الزمات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گی۔
 

شیئر: