شہریوں کا رش، اسلام آباد میں ایم ٹیگ لگوانے کی ڈیڈ لائن 15 روز کے لیے بڑھا دی گئی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں ایم ٹیگ لگوانے کی ڈیڈ لائن 15 روز کے لیے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایم ٹیگ سینٹرز پر شہریوں کے رش کی وجہ سے کیا گیا۔ شہری 15 جنوری تک اپنی گاڑیوں پر ہر صورت ایم ٹیگ لگوائیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 جنوری کے بعد ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ڈی سی اسلام آباد نے مزید کہا کہ ضرورت کے پیش نظر ایم ٹیگ سینٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری کسی بھی قانونی مشکل سے بچنے کے لیے گاڑی پر ایم ٹیگ لازمی لگوائیں۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں 31 دسمبر گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوانے کی آخری تاریخ تھی، جس کے باعث شہر کے مختلف پوائنٹس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا تھا کہ یکم جنوری 2025 سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
دوسری جانب شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ ایم ٹیگ لگوانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ وہ آسانی سے اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوا سکیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کی ایم ٹیگنگ کی جا چکی ہے۔
