Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو مسلم کینیڈین بائیکر حج کرنے جائیں گی

روزی گبریل کے مطابق ان کے اہلخانہ کو فیصلہ قبول ہے۔ فوٹو: انسٹاگرام
اوائل جنوری میں اسلام قبول کرنے کا اعلان کرنے والی کینیڈین بائیکر گرل اور سیاح روزی گبریل کا کہنا ہے کہ وہ اپنا نام تبدیل نہیں کریں گی نا ہی مستقل حجاب اختیار کریں گی البتہ آئندہ ایک برس کے دوران حج یا عمرہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اپنی موٹر سائیکل پر دنیا بھر کی سیاحت کے لیے نکلنے والی روزی نے منگل کو انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ انہیں اپنے فیصلے پر آنے والے ردعمل کا اندازہ نہیں تھا، اس اقدام پر انہیں بھرپور پزیرائی ملی۔ نیک خواہشات ظاہر کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی زندگی کے نئے مرحلے پر ملنے والی محبتوں اور تعاون پر شکرگزار ہیں۔

کینیڈین بائیکر گرل اپنی سفرو سیاحت کے متعلق سوشل میڈیا پر تفصیلات شیئر کرتی رہتی ہیں (انسٹاگرام سکرین شاٹ)

اسلام قبول کرنے سے متعلق اپنی سابقہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے روزی نے کہا کہ وہ اپنے خیالات اور اللہ سے تعلق کی بنا پر تکنیکی اعتبار سے خود کو پہلے بھی مسلمان ہی سمجھتی تھیں۔ لیکن فیصلے کے بعد یہ سب کچھ ان کے لیے بالکل نیا رہا۔
انہوں نے لکھا کہ وہ ماضی کے خوف اور تکلیف سے چھٹکارا پا کر نئی زندگی گزارنے کے لیے خود کو بالکل آزاد پاتی ہیں۔ اپنے قلب و ذہن کو سب سے پرامن، شعوری اور سیدھے راستے کے لیے یکسو کر چکی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’اسلام قبول کرنے سے متعلق عام اعلان نہ تو فالوورز حاصل کرنے کے لیے تھا نا ہی وہ ایسا کر کے دوسروں کو متوجہ کرنا چاہتی تھیں۔ بلکہ دوسروں کی توجہ پا کر میں خود کو مشکل میں محسوس کرتی ہوں۔ میرا اعلان میری جانب سے گواہی تھا تاکہ پوری دنیا کے سامنے خود کو جوابدہ محسوس کر سکوں۔‘
روزی جبرائیل کے مطابق اپنی نیت اور محبت کے ساتھ اب وہ خود کو بہترین صورت میں ڈھالنے پر تیار ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کے ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے صارفین کی جانب سے پوچھے جانے والے مختلف سوالوں کے مختصر جواب بھی دیے۔
روزی کا کہنا تھا کہ وہ اپنا نام تبدیل نہیں کریں گی، نا ہی کسی فرقے کا انتخاب کریں گی۔ شادی کی دعوت دینے والے ایک صارف کا نام لیے بغیر اپنے جواب میں روزی نے ایسا کرنے سے معذرت کر لی۔
اہل خانہ کی جانب سے اپنے فیصلے کو قبول کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے روزی نے لکھا کہ وہ آئندہ ایک برس کے دوران حج یا عمرہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

موٹر سائیکل پر دنیا گھونے کی خواہاں روزی اب تک متعدد ملکوں کی سیر کر چکی ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)

مستقل حجاب اختیار کرنے کے متعلق سوال کے جواب میں روزی کا کہنا تھا کہ وہ ایسا نہیں کریں گی کیونکہ یہ ضروری نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی سیاحت اور بائیگنگ کو جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
صارفین کی جانب سے موصول ہونے والے ردعمل کو مجموعی طور پر مثبت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توقع کے مطابق کچھ ردعمل منفی بھی رہا، جس میں سے زیادہ تر خوف، نظرانداز کرنے اور عدم برداشت پر مبنی تھا۔
روزی کے مطابق ’بطور انسان ہم جس بات کو سمجھ نہیں سکتے اس سے خوفزدہ رہتے ہیں۔ وہ چاہیں گی کہ پوری انسانیت کے لیے ایسی مثال بن سکیں، جو اسلام کے بہتر طور پر سمجھنے کا ذریعہ بنے، فاصلے ختم کرے اور باہم مربوط، پرامن زندگی گزار سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے امن، قبولیت اور باہمی اعتماد کے متعلق دل نرم ہوں گے اور ذہن کھلیں گے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: