Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب دنیا کی پہلی خاتون وزیر دفاع کون؟

زینہ عکر کو نائب وزیراعظم کا عہدہ بھی دیا گیا ہے فوٹو: اے ایف پی
لبنان میں نئی حکومت تشکیل دی گئی ہے، حسان دیاب کو نیا وزیراعظم مقررکیا گیا ہے جبکہ کابینہ میں چھ خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔
عرب دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون زینہ عکر عدرا کو وزیر دفاع بنایا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق لبنان کی نئی حکومت 20 وزرا پر مشتمل ہے ان میں سے کسی کو بھی اس سے قبل کسی سیاسی عہدے پر کام کا موقع نہیں ملا تاہم یہ ملک کی بڑی سیاسی پارٹیوں سے کسی نہ کسی شکل میں منسلک ہیں۔ 

لبنان کی نئی کابینہ میں چھ خواتین کو شامل کیا گیا ہے فوٹو: اے ایف پی 

خاتون وزیر دفاع زینہ عکر عدرا کو لبنان کے صدر میشال عون اور ان کے عزیز جبران باسیل کے قریبی حلقے کی اہم شخصیت بتایا جارہا ہے۔
نئی وزیر دفاع لجواد عدرا کی اہلیہ ہیں جو لبنان کے معروف سرمایہ کار ہیں۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ زینہ عکر عدرا شامی سوشلسٹ نیشنل پارٹی کی حامی شخصیات میں سے ایک ہیں۔
زینہ عکر لبنان کا سیاسی چہرہ نہیں ہیں۔ ان کے بارے میں میڈیا کے پاس بہت زیادہ معلومات نہیں۔ زینہ عکر کو نائب وزیراعظم کا عہدہ بھی دیا گیا ہے۔

لبنان کے نئے وزیراعظم حسان دیاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’نئی حکومت کسی مخصوص گروپ کی نہیں ہوگی فوٹو :ای پی اے

آر ٹی کے مطابق زینہ عکر عدرا آرتھوڈیکس عیسائی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ’لبنان القوی‘ گروپ کی جانب سے ان کا نام تجویز کیا گیا تھا۔
نئی لبنانی حکومت میں زینہ عکر کے علاوہ پانچ اور خواتین شامل ہیں۔ منال عبدالصمد کو وزیر اطلاعات، غادة شریم کو وزیر تارکین وطن، لمیا یمین الدوھی کو وزیر محنت، ماری کلود نجم کو وزیر انصاف اور فرتینیہ اوھانیان کو وزیر کھیل و نوجوانان مقرر کیا گیا ہے۔
لبنان کے نئے وزیراعظم حسان دیاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’نئی حکومت کسی مخصوص گروپ کی نہیں ہوگی۔ یہ ملک بچاﺅ حکومت ہے اور تمام اہل لبنان کی حکومت ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی صورتحال کسی بھی سطح پر تسلی بخش نہیں۔ ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا‘۔

نئی حکومت 20 وزرا پر مشتمل ہے ان میں سے کسی کو بھی اس سے قبل کسی سیاسی عہدے پر کام کا موقع نہیں ملا فوٹو: اے ایف پی 

نئی حکومت میں داخلہ، تربیت، مواصلات، انتظامی و ماحولیاتی ترقی کی وزارتیں، وزیراعظم کے پاس ہیں ۔ دفاع، خارجہ ، انصاف، توانائی، تارکین اور اقتصاد کی وزارتیں صدر جمہوریہ اور آزاد قومی دھارے سے متعلق ہیں۔
صحت اور صنعت کی وزارتیں حزب اللہ کے پاس ہیں۔ خزانہ اور زراعت کی وزارتیں امل تحریک سے تعلق رکھتی ہیں۔ العربیہ نیٹ کے مطابق نئی حکومت کا اعلان ہوتے ہی مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ متعدد شہروں کے اہم راستے بند کردیے۔
 

شیئر: