Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فون کے لیے سکرین پروٹیکٹر

ٹیمپرڈ گلاس سے تیار کردہ سکرین پروٹیکٹرز بہترین مانے جاتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
مہنگی فون سکرینز کے ساتھ سکرین کی حفاظت کے لیے کسی میکینزم کا خیال سکرین پروٹیکٹرز کی ایجاد کا سبب بنا۔ گو کہ ہر چیز اپنے وقت پر یا یوں کہیں کے ایک خاص پریشر کسی خاص زاویے سے لگانے پر ٹوٹ جاتی ہے مگر احتیاط سے فون کو ایسے اینگل اور پریشر کا سامنا کرنے سے بچایا جا سکتا ہے۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں دستیاب سکرین پروٹیکٹرز پی ای ٹی ( پولی ایتھائلین ٹیرِفتھالیٹ/ پولی ایسٹر،ایک طرح کا پلاسٹک جو کہ پانی کی بوتلیں اور فوڈ کنٹینرز وغیرہ بنانے میں استعمال ہوتا ہے)، ٹی پی یو (تھرمو پلاسٹک پولی ریو تھین، ایک بہت زیادہ لچکدار پلاسٹک)، ٹیمپرڈ گلاس(گلاس جس میں کیمیکل اور تھرمل ٹریٹمنٹ سے عام گلاس کی نسبت زیادہ مضبوطی پیدا کی گئی ہو) اور نینو لِیکوِیڈ( سلیکون ڈائی آکسائیڈ مائع شکل میں جو آپ کے فون کی سکرین کو محفوظ کرتا ہے) سے بنائے گئے ہیں۔
 

ٹیمپرڈ گلاس سے تیار کردہ سکرین پروٹیکٹرز بہترین مانے جاتے ہیں اور اچھی بات یہ ہے کے لوکل مارکیٹ میں زیادہ تر جگہوں پر یہ دستیاب بھی ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

ان میں بہترین ٹیمپرڈ گلاس سے تیار کردہ سکرین پروٹیکٹرز مانے جاتے ہیں اور اچھی بات یہ ہے کے لوکل مارکیٹ میں زیادہ تر جگہوں پر یہ دستیاب بھی ہیں۔
ابتدا میں سکرین پروٹیکٹرز ایک چوکور شکل میں بنائے جاتے تھے (جن کو 2 ڈی کہا جاتا ہے) مگر سکرین کی وہ سائیڈ جس سے ہم موبائل کو ٹچ کرتے ہیں اس طرف نوک دار کنارنے ہونے کی وجہ سے چہرا اور کان زخمی ہونےکا خدشہ رہتا تھا تو اس تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے لیے کناروں کو گول کیا گیا جِس سے 2.5 ڈی وجود میں آئے۔
اس کے بعد جب فون سکرینز کے کنارے کَروڈ یعنی مُڑے ہوئےآنے لگے جیسے کے سیمسنگ کی نوٹ سیریز کے فونز۔ تو کنارے کوَر کرنے کے لیے اسی مناسبت سے سکرین پروٹیکٹرز کو بھی موڑ دیا گیا جس سے تھری ڈی پروٹیکٹرز سامنے آئے۔
 

تھری ڈی کے بعد فائیو ڈی سکرین پروٹیکٹرز متعارف ہوِئے جو فون سکرین کو بہتر کوریج دیتے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

اگرچہ سائیڈز پر سے گولائی کور کرنے میں یہ کافی موثر ہیں مگر فون کے اوپر اور نیچے کی طرف سے کناروں کو ٹھیک طرح سے کور نہیں کر پاتے اور ایک زرا سی خلا رہ جاتی ہے اوراس طرف کنارا ٹوٹنے کے چانسز رہتے ہیں۔
مزید تھری ڈی سکرین پروٹیکٹرز کے ساتھ اکثر موبائل کی ٹچ سینسیٹیویٹی متاثر ہونے کی شکایات سننےکو ملتی ہیں۔
تھری ڈی کے بعد فائیو ڈی سکرین پروٹیکٹرز متعارف ہوِئے جن میں تمام اطراف میں سکرین کے کناروں کی گولائی کو سامنے رکھ کر سکرین پروٹیکٹرز کے کنارے ڈیزائن کیے گئے جو فون سکرین کو بہتر کوریج دیتے ہیں۔ جس سے ٹوٹنے کے چانسز کافی کم ہو جاتے ہیں۔

تھری ڈی سکرین پروٹیکٹرز کے ساتھ اکثر موبائل کی ٹچ سینسیٹیویٹی متاثر ہونے کی شکایات سننےکو ملتی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

اس کے ساتھ ٹچ ایسا ہی ہے جیسے پروٹیکٹر کے بغیر ڈائریکٹ سکرین کا ہوتا ہے مطلب تھری ڈی پروٹیکٹرز والی ٹچ سینسیٹیویٹی متاثر ہونے شکایت کو فائیو ڈی میں دور کر لیا گیا ہے۔ نائن  ڈی اور الیون ڈی کی باز گشت بھی کہیں نہ کہیں سنائی دیتی ہے مگر بہت سے لوگ اس کو محضفائیو  ڈی کی ری برانڈنگ مطلب مارکیٹنگ کا طریقہ قرار دیتے ہیں۔
مارکیٹ میں دستیاب 5 ڈی اور 9 ڈی بہترین ہیں۔ آئی فون سکس ایس پلس کے لیے 3 ڈی اور 9 ڈی سکرین پروٹیکٹرز کی قیمت بالترتیب 750 روپے اور 1000 روپے تک ہے۔
اگر آپ واقعی اپنے فون کی حفاظت چاہتے ہیں تو سکرین پروٹیکٹر کے ساتھ ساتھ ایک اچھا موبائل کیس خریدیں جو کناروں اور سکرین کو مزید محفوظ کرتا ہو۔

شیئر:

متعلقہ خبریں