Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کا کروم صارفین کے لیے ہنگامی سکیورٹی الرٹ، حملوں کا انکشاف

گوگل کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر یہ دوسری سکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے (فوٹو: گیٹی)
مشہور سرچ انجن گوگل نے اپنے ویب براؤزر گوگل کروم استعمال کرنے والے تقریباً ساڑھے تین ارب صارفین کے لیے ہنگامی طور پر سکیورٹی انتباہ جاری کیا ہے۔
فوربز کے مطابق کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ کروم براؤزر میں موجود دو خطرناک زیرو ڈے سکیورٹی خامیوں کو ہیکرز پہلے ہی حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جس کے بعد فوری سکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر یہ دوسری سکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔
اس سے پہلے تین مارچ کو ایک اپ ڈیٹ دی گئی تھی جبکہ 10 مارچ کو جاری ہونے والی اپ ڈیٹ میں 29 سکیورٹی خامیوں کو درست کیا گیا تھا۔
اب کمپنی نے ہنگامی بنیادوں پر ایک اور اپ ڈیٹ جاری کی ہے جو دو نئی زیرو ڈے خامیوں سی وی ای–2026–3909 اور سی وی ای–2026–3910 کو ٹھیک کرتی ہے۔

زیرو ڈے خامی کیا ہوتی ہے؟

ماہرین کے مطابق زیرو ڈے خامی ایسی سکیورٹی کمزوری کو کہا جاتا ہے جس کا فائدہ ہیکرز اس وقت اٹھاتے ہیں جب کمپنی کو اس کا علم بھی نہ ہو یا اس کا حل ابھی جاری نہ کیا گیا ہو۔ گوگل نے تسلیم کیا ہے کہ ان خامیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حملے پہلے ہی شروع ہو چکے ہیں۔

حلمہ کس حد نقصان پہنچا سکتا ہے؟

گوگل نے کہا ہے کہ ان خامیوں کی مکمل تکنیکی تفصیلات فی الحال عام نہیں کی جائیں گی۔ کمپنی کے مطابق ’تفصیلات اس وقت تک محدود رکھی جائیں گی جب تک زیادہ تر صارفین اپنے براؤزر کو اپ ڈیٹ نہ کر لیں۔‘
یہ دونوں سکیورٹی خامیاں کروم براؤزر کے بنیادی حصوں کو متاثر کرتی ہیں اور ان کی شدت زیادہ بتائی گئی ہے۔ گوگل کے مطابق ان خامیوں کو کمپنی کے اپنے سکیورٹی ماہرین نے دریافت کیا، جو کہ عام طور پر بیرونی محققین کرتے ہیں۔
گوگل کی سائبر سکیورٹی ٹیم پروجیکٹ زیرو بھی اسی مقصد کے لیے کام کرتی ہے۔ یہ ٹیم 2014 میں قائم کی گئی تھی اور مختلف سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر سسٹمز میں موجود خطرناک خامیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔ ٹیم کے مطابق ’ہم موبائل آپریٹنگ سسٹمز، ویب براؤزرز اور اوپن سورس لائبریریز جیسے مقبول سافٹ ویئر میں سکیورٹی تحقیق کرتے ہیں۔‘
پروجیکٹ زیرو نے مزید بتایا کہ ’اس تحقیق کے نتائج سنگین سکیورٹی خامیوں کو درست کرنے، حملوں کے طریقوں کو سمجھنے اور سکیورٹی کو طویل مدت میں بہتر بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔‘
دوسری جانب امریکی ادارے سائبر سکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی نے بھی تمام اداروں کو جلد از جلد کروم براؤزر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ گوگل کروم دنیا کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ویب براؤزر ہے، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنے براؤزر کو تازہ ترین ورژن میں اپ ڈیٹ کر لیں تاکہ ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ رہ سکیں۔

شیئر: