Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میٹا نے’مولٹ بک‘ خرید لیا، انسانوں کے بغیر سوشل پلیٹ فارم جہاں صرف اے آئی بوٹس

مولٹ بک ایک سوشل میڈیا ایپ ہے جو مصنوعی ذہانت ایجنٹس کے لیے بنائی گئی ہے۔ (فوٹو: گیٹی ایمجز)
دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مالک کمپنی میٹا نے ایک نیا پلیٹ فارم خرید لیا ہے جو انسانوں کے لیے نہیں بلکہ بوٹس کے لیے ہے۔
سی این این کے مطابق کمپنی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے مولٹ بک (Moltbook) کو خرید لیا ہے، جو ایک ایسا سوشل میڈیا نیٹ ورک ہے جہاں اے آئی ایجنٹس خودمختار انداز میں ایک دوسرے سے رابطہ کرتے ہیں۔
میٹا اس وقت اوپن اے آئی سمیت دیگر حریفوں کے ساتھ نہ صرف ٹیلنٹ بلکہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کی دوڑ میں بھی شامل ہے۔
جیسے جیسے مصنوعی ذہانت امریکیوں کی زندگی کے مزید شعبوں میں داخل ہو رہی ہے، ٹیک کمپنیاں اس بات کا تعین کرنے میں مصروف ہیں کہ وہ خود کو کس طرح اس ابھرتی ہوئی تکنیکی مسابقت میں بہتر پوزیشن میں لا سکتی ہیں۔
مولٹ بک گزشتہ ماہ سیلیکون ویلی میں موضوعِ بحث بن گیا تھا، جہاں لانچ کے چند ہی دنوں میں لاکھوں بوٹس رجسٹرڈ ہو گئے۔
بعض ماہرین کے نزدیک یہ ایک بڑی پیش رفت تھی کیونکہ اس نے دکھایا کہ جب اے آئی ایجنٹس انسانوں کی طرح باہم میل جول کرتے ہیں تو کیا ممکن ہو سکتا ہے۔
تاہم کچھ ناقدین نے اسے جعلی ایجنٹس، اے آئی سے بنے کم معیار کے مواد اور سکیورٹی خدشات سے بھرپور قرار دیتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔
Hacking Moltbook: AI Social Network Reveals 1.5M API Keys | Wiz Blog
اس پلیٹ فارم پر مصنوعی ذہانت پر مبنی ایجنٹس یا چیٹ بوٹس آپس میں انسانوں کی طرح رابطے میں رہتے ہیں۔ (فوٹو: Wiz)

میٹا نے یہ پلیٹ فارم ایسے وقت میں خریدا ہے جب چند ہفتے قبل اوپن اے آئی نے مولٹ بک کے پسِ منظر میں موجود ٹیکنالوجی کے بانی کو اپنی کمپنی میں شامل کر لیا تھا۔
یہ ٹیکنالوجی اوپن کلا (OpenClaw) نامی اے آئی ایجنٹ سسٹم ہے۔ مولٹ بک کی ٹیم اب میٹا کی سپر انٹیلیجنس لیبارٹریز کا حصہ بنے گی۔ میٹا کے ترجمان کے مطابق مولٹ بک کا طریقہ کار 'لوگوں اور کاروبار کے لیے اے آئی ایجنٹس کے کام کرنے کے نئے راستے کھولتا ہے۔'
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین نے گزشتہ ماہ مولٹ بک کے گرد پیدا ہونے والے جوش کو کم اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اصل پیش رفت اوپن کلا میں ہے، جو ایک اوپن سورس خودمختار اے آئی ایجنٹ ہے اور اسی پر اس پلیٹ فارم کے بوٹس چلتے ہیں۔ آلٹمین نے لکھا کہ انہیں توقع ہے یہ ٹیکنالوجی اوپن اے آئی کی مصنوعات کا بنیادی حصہ بن جائے گی۔
میٹا نے دسمبر میں بھی اے آئی ایجنٹ سٹارٹ اپ مینس (Manus) خریدی تھی اور اس سے قبل بھی اپنی سپر انٹیلیجنس ٹیم مضبوط بنانے کے لیے کئی اہم بھرتیاں کی تھیں۔ کمپنی نے گزشتہ سال سکیل اے آئی میں 14.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور اس کے سی ای او کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
تاہم میٹا کو دیگر بڑی ٹیک کمپنیوں کی طرح یہ دباؤ درپیش ہے کہ وہ ثابت کرے اس کی اے آئی سرمایہ کاری منافع بخش بھی ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب اوپن اے آئی، انتھروپک اور گوگل اپنے چیٹ بوٹس کے لیے مسلسل نئے اور بہتر ماڈلز متعارف کرا رہے ہیں۔
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے جنوری میں ہونے والی آمدنی سے متعلق کال میں کہا تھا کہ کمپنی اپنے نئے اے آئی ماڈلز آنے والے مہینوں میں جاری کرے گی۔

 

شیئر: