ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 26.04 بیٹا میں کیا نئے فیچرز ہوں گے؟
ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 26.04 بیٹا میں کیا نئے فیچرز ہوں گے؟
بدھ 11 مارچ 2026 7:18
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نئی اپڈیٹ میں چند نئے فیچرز اور ایموجیز شامل کیے گئے ہیں (فوٹو: میک رومر)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے موبائل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس کے نئے ورژن آئی او ایس 26.4 بیٹا فور کو ڈویلپرز اور پبلک بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کر دیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک رومر کے مطابق نئی اپڈیٹ میں چند نئے فیچرز اور ایموجیز شامل کیے گئے ہیں جبکہ بعض دیگر تبدیلیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
آپ کو ان اہم تبدیلیوں کے بارے میں بتاتے ہیں جو آئی او ایس کی نئی اپڈیٹ کا حصہ ہوں گی۔
ایپل نے اس بیٹا ورژن میں کئی نئے ایموجیز شامل کیے ہیں جن میں ٹرومبون، خزانے کا صندوق، بگڑا ہوا چہرہ، بالوں والا مخلوق نما کردار، فائٹ کلاؤڈ، اورکا (وہیل کی ایک قسم) اور لینڈ سلائیڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کشتی لڑنے والے افراد اور خرگوش کے کانوں کے ساتھ ڈانس کرنے والے ایموجیز کے لیے مختلف جلدی رنگوں کے آپشنز بھی دیے گئے ہیں، جبکہ بیلی ڈانسر کے ایموجی کے لیے صنفی طور پر غیر جانبدار آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔
ریڈیوس برائٹ ایفیکٹس فیچر
ایپل نے پہلے موجود ریڈیوس ہائی لائٹنگ ایفیکٹس نامی ایکسیسبلٹی سیٹنگ کا نام تبدیل کر کے ریڈیوس برائٹ ایفیکٹس رکھ دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر سکرین پر بٹن یا کی پیڈ کے استعمال کے دوران چمک اور فلیشنگ کو کم کرتا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ آرام دہ تجربہ مل سکے۔
ایپل نے آئی او ایس 26.4 کے چوتھے بیٹا ورژن سے آر سی ایس اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے بیٹا فیچر کو ہٹا دیا ہے (فوٹو: میک رومر)
آر سی ایس انکرپٹڈ میسجنگ
ایپل نے آئی او ایس 26.4 کے چوتھے بیٹا ورژن سے آر سی ایس اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے بیٹا فیچر کو ہٹا دیا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی تین بیٹا ورژنز میں آزمایا جا رہا تھا، تاہم کمپنی پہلے ہی واضح کر چکی تھی کہ آر سی ایس کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن اس اپڈیٹ کا حصہ نہیں بنے گی اور اسے مستقبل کی کسی اپڈیٹ میں متعارف کرایا جائے گا۔
آر سی ایس انکرپشن کے مکمل نفاذ کے بعد آئی فون اور اینڈرائیڈ فونز کے درمیان بھی ٹیکسٹ میسجز اسی سطح کی سکیورٹی کے ساتھ بھیجے جا سکیں گے جیسی سکیورٹی اس وقت آئی میسج میں موجود ہے۔
نئے ڈیوائسز کی سپورٹ
آئی او ایس 26.4 اور آئی پیڈ او ایس 26.4 بیٹا فور وہ پہلے بیٹا ورژنز ہیں جنہیں نئے آئی فون 17ای اور آئی پیڈ ایئر پر بھی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔