Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20 میچ اور سیریز پاکستان کے نام

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آخری ٹی20 پیر کو کھیلا جائے گا، فوٹو: پی سی بی
پاکستان نے دوسرے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے ہرا کر تین میچز پر مشتمل سیریز جیت لی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں 137 رنز کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔
محمد حفیظ نے 49 بالز پر 67 اور کپتان بابر اعظم نے 44 گیندوں پر 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔
کپتان بابر اعظم اور نئے بیٹسمین احسان علی نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا تاہم احسان علی بغیر کوئی رن بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ان کا کیچ لیا۔

محمد حفیظ نے 49 بالز پر 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، فوٹو: پی سی بی

پاکستانی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور نئے بیٹسمین احسان علی نے کیا تاہم احسان علی بغیر کوئی رن بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بنگلہ دیشن کے کپتان محمود اللہ نے ان کا کیچ لیا۔
کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کا سکور آگے بڑھایا۔ دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں طرف عمدہ سٹروکس کھیلے اور نصف سنچریاں بنائیں۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال 65 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، فوٹو: پی سی بی

تمیم اقبال 65 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ عفیف حسین نے 21 اور کپتان محمود اللہ نے 12 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو 66 رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جمعے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔
پہلے ٹی20 میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز بنائے تھے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستان کو ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے آخری میچ بھی جیتنا ہو گا، فوٹو: پی سی بی

پاکستان نے 142 رنز کا ہدف آخری اوور کی تیسری بال پر حاصل کر لیا تھا جبکہ اس کی پانچ وکٹیں ابھی باقی تھیں۔
یاد رہے کہ آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگ میں پاکستان اس وقت 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، اور اسے اپنی یہ پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے بنگلہ دیش کو کلین سویپ کرنا ہو گا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا آخری ٹی20 میچ پیر 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

شیئر: