Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں 140ورکشاپ سیل، 47 غیر ملکی گرفتار

جدہ میونسپلٹی آبادی میں ورکشاپس بند کرنے کا فیصلہ کیے ہوئے ہے (فوٹو: مکہ اخبار)
جدہ کے ابرق الرغامہ محلے کی بلدیہ نے چھاپہ مہم کے دوران 140ورکشاپ بند کرادیے اور 47 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرلیا گیا۔

ورکشاپ کی مشینیں اور اوزار بھی ضبط کر لیے گئے۔

مکہ اخبار کے مطابق ابرق الرغامہ بلدیہ کے چیئرمین انجنیئر سعد القحطانی نے بتایا ’جدہ سیکیورٹی فورس اور ابرق الرغامہ بلدیہ کے افسران اور اہلکاروں پر مشتمل فیلڈ ٹیم کو ابرق الرغامہ میں ورکشاپ بند کرانے کی مہم تفویض کی گئی تھی۔‘
تفتیشی مہم کے دوران 140ورکشاپ بند کردیے گئے۔47 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کر کیا گیا۔ ورکشاپ میں موجود مشینیں اور اوزار ضبط کر لیے گئے۔‘

 ورکشاپ کی مشینیں اور اوزار بھی ضبط کرلیے گئے (فوٹو: مکہ اخبار)

جدہ میونسپلٹی شہر کے تمام محلوں میں موجود ورکشاپس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پر ایک عرصے سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے۔
میونسپلٹی کا موقف یہ ہے کہ آبادی کے اندر ورکشاپس کی موجودگی سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے تکلیف دہ ہیں۔ ٹریفک نظام بھی معطل ہوتا ہے۔ حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزی بھی ہوتی ہے۔ بعض اوقات ورکشاپس میں آتشزدگی سے سلامتی کے خطرات بھی لاحق ہوتے ہیں۔
جدہ میونسپلٹی نے شہر کے اطراف آبادی سے فاصلے پر واقع بعض مقامات ورکشاپس کے لیے مختص کیے ہیں۔ ورکشاپس کے مالکان پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ شہر سے اپنے ورکشاپس ان مقامات پر منتقل کرلیں۔

میونسپلٹی نے ابتدا میں مہلت دی تھی جو ختم ہوچکی ہے (فوٹو: مکہ اخبار)

میونسپلٹی نے ابتدا میں مہلت دی تھی جو ختم ہوچکی ہے۔ اب میونسپلٹی ورکشاپس کی منتقلی کے اخراجات بھی مالکان سے وصول کرنے لگی ہے۔
ابرق الرغامہ محلے میں باقی ماندہ غیر قانونی ورکشاپس ہٹوانے کی کارروائی جاری ہے۔ 
ابرق الرغامہ بلدیہ کے چیئرمین کے مطابق’ آبادی کی سہولت اور باشندوں کو عمدہ اور معیاری بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے مہم جاری رہے گی۔‘ 
’صفائی، کھانے پینے کی اشیا اور مارکیٹوں اور عمارتوں کی بھی نگرانی ہوگی۔ تجاوزات کو بھی ختم کیا جائے گا۔‘

شیئر: