Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کا برطانوی اخبار کے خلاف مقدمہ

شہباز شریف نے الزام لگایا کہ عمران خان نے ان کے خلاف جھوٹی خبر شائع کرائی، فوٹو: اے ایف پی
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لندن کے اخبار ’ڈیلی میل‘ میں اپنے خلاف چھپنے والی خبر کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے اخبار اور صحافی ڈیوڈ روز کے خلاف لندن کی ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
جمعرات کو لندن میں اپنے وکیل کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’یقین ہے کہ ہمیں عدالت سے انصاف ملے گا۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر کی ہدایت پر جھوٹی خبر شائع کی گئی۔ عدالت میں حقائق سامنے لا کر دودھ کا دودھ پانی کا پانی کر دیں گے۔
مقدمہ دائر ہونے کے بعد کوئنز بینچ ڈویژن نے اخبار اور صحافی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

 

شہباز شریف کے وکیل الاسڈیئر پیپر کا کہنا تھا کہ ’ڈیوڈ روز نے ڈیلی میل اور سوشل میڈیا پر صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف پر خورد برد کے بے بنیاد الزامات لگائے اور ان کا آرٹیکل بھی سیاسی مقاصد کے لیے شہبازشریف کے خلاف مہم کا حصہ تھا۔
شہباز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ ’رائل کورٹ آف جسٹس میں کیس شروع ہونے میں نو ماہ سے ایک سال لگ سکتا ہے۔‘
صدر مسلم لیگ ن کے وکیل نے کہا کہ ’ان کے موکل کو اپنی ساکھ عزیز ہے، وہ ان من گھڑت اور بے بنیاد الزامات سے اپنا نام کلیئر کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اخبار کی جانب سے معقول جواب نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا۔‘
واضح رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں صحافی ڈیوڈ روز نے گذشتہ برس 14 جولائی کو دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں گھپلا کیا تھا۔
 ڈیلی میل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ برطانیہ کے محکمہ بین الاقوامی ترقیاتی امور (ڈی ایف آئی ڈی) نے اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صوبے میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے 50 کروڑ پاؤنڈز کی رقم دی تھی اور اس رقم سے منی لانڈرنگ کی گئی اور اس میں خورد برد کی گئی۔

ڈیوڈ روز نے ڈیلی میل میں شہباز شریف کے خلاف خبر شائع کی تھی (فوٹو: سوشل میڈیا)

نیوز کانفرنس میں صدر مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو کچھ دینے کے بجائے اپوزیشن کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں عوام کی بہت خدمت کی۔
’عمران خان نیازی کا کردار چور مچائے شور والا ہے، حکومت ان سے سنبھل نہیں رہی، وہ صرف الزام تراشی اور کردار کشی کے ماہر ہیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’ایک سازش کے تحت نواز شریف دور کے ترقیاتی کاموں کو نمایاں نہیں ہونے دیا گیا بلکہ کرپشن کرپشن کے شور میں سب کچھ دبا دیا گیا۔ مسلم لیگ ن اپنے دور حکومت میں عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی ایماندار سیاست دان ہیں، میرے بھتیجے یوسف کا اگرچہ سیاست سے کوئی تعلق نہیں، لیکن اسے بھی جیل میں بند کر دیا گیا ہے۔‘

شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ اگر ڈیوڈ روز نے ہم سے ثبوت مانگے تو ہم مہیا کریں گے، فائل فوٹو

شہزاد اکبر کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’میں نے تمام سوالوں کا جواب دے دیا ہے، شہزاد اکبر کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا، چوہدری شوگر ملز خاندانی کاروبار کا حصہ ہیں۔‘
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے نجی ٹی وی ’جیو‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’شہباز شریف کو ثابت کرنا ہو گا کہ ڈیوڈ روز کے الزامات غلط ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر ڈیوڈ روز نے اپنے دفاع میں ہم سے ثبوت مانگے تو ہم انہیں مہیا کریں گے۔‘

شیئر: