Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست

پاکستان اب تک دو مرتبہ انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انڈیا نے بغیر کسی نقصان کے پاکستان کی طرف سے دیا جانے والا 173 رنز کا ٹارگٹ پورا کر لیا۔
جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے بیٹنگ کا آغاز کافی محتاط انداز میں کیا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اوپنرز جارحانہ انداز اختیار کرتے گئے۔ اوپننگ جسوال اور ڈی اے سیکسینا نے کی اور کسی بھی موقع پر میچ پر اپنی گرفت ڈھیلی نہیں پڑنے دی۔ دوسری جانب پاکستانی بولرز اپنی تمام تر کوشش کے باوجود بے بس نظر آئے۔

میچ سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آغاز اچھا نہ ہو سکا تھا اور تیزی سے وکٹیں گرتی گئیں اور پوری ٹیم 172 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد ہریرہ چار رنز ہی بنا سکے، وہ سوشانت مشرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے فہد منیر 16 گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
 اس کے بعد بلے بازوں نے کچھ احتیاط سے کھیلنا شروع کیا اور حیدر علی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم فوراً بعد ہی آؤٹ ہو گئے، ان کے بعد روہیل نذیر،قاسم اکرم، محمد حارث، عرفان خان، عباس آفریدی، طاہر حسین اور عامر علی آتے گئے اور پویلین لوٹتے گئے۔ 
کم عمر کھلاڑیوں کی ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیموں نے گروپ اور سپر لیگ مرحلوں میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ پاکستان دو مرتبہ جب کہ انڈین ٹیم چار مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔
2018 میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر لیگ سیمی فائنل میں پاکستان اور انڈیا کا آمنا سامنا ہوا تھا، جہاں شبھ من گل کی سنچری کی بدولت فتح انڈین ٹیم کے ہاتھ رہی تھی۔ پاکستانی ٹیم کے موجودہ کپتان روحیل نذیر گرین شرٹس کے ٹاپ سکورر رہے تھے۔
یہ مشکل لگتا ہے کہ کرکٹ کا میدان ہو، پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں اور سوشل میڈیا پر بھی محاذ نہ کھلے، اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ کرکٹ کے کھیل سے وابستہ ادارتی ہینڈلز بھی مقابلے کے اس پہلو کو اپنی ٹائم لائنز کا حصہ بناتے رہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے ہینڈل نے اپنی متعدد ٹویٹس میں آج کے میچ کا ذکر تو کیا ہی البتہ دونوں ٹیموں کے آمنے سامنے ہونے کا خصوصی ذکر کیا۔

پاکستان بمقابلہ انڈیا سپرلیگ سیمی فائنل کا وقت اور مقام
پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر کے ایک بجے ہونے والا مقابلہ جنوبی افریقی شہر پوچیفسٹروم کے سین ویز پارک گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی اور انڈین فینز اپنی اپنی ٹیموں کی جیت کی خواہش ظاہر کرتے رہے تاہم کچھ ایسے بھی تھے جو معاملے کے ایک پہلو پر توجہ دلاتے رہے۔ مہیرت نامی ہینڈل نے لکھا کہ جو بھی جیتے یا ہارے، البتہ ہمیں ہارنے والی ٹیم کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ وہ 19 سال سے کم عمر نوجوان ہیں، انہیں بغیر دباؤ کے کھیلنے دیں۔

دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے اب تک ہونے والے 13 ایونٹس میں سے گزشتہ 8 فائنلز میں اب تک پاکستان یا انڈیا کی ٹیموں میں سے کوئی ایک لازماً شریک رہا ہے۔
جنوبی افریقہ میں ہونے والے حالیہ ورلڈ کپ میں شریک 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پاکستانی ٹیم گروپ سی جب کہ انڈین ٹیم گروپ اے میں شامل تھی۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کہتے ہیں کامیابی کے لیے غلطیوں سے بچنا ہو گا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان نے اپنے پہلے گروپ میچ میں سکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی سمیٹی تھی۔ بنگلہ دیش کے ساتھ آخری گروپ میچ بارش کی نذر ہوا جب کہ افغانستان کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کر کے پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ پکی کی تھی۔
ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے دوسری ٹیم کا فیصلہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان چھ فروری کو کھیلے جانے والے میچ کے بعد ہو گا۔ گروپ اے کی سیکنڈ کیوی ٹیم، گروپ سی کی ٹاپ ٹیم بنگلہ دیش کا مقابلہ کرے گی۔ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل نو فروری کو جے بی مارکس اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: