Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الخبر: پاکستانیوں میں پتنگ بازی کا مقابلہ

سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے شہر الخبر کے ساحل پر گذشتہ دنوں پاکستانیوں نے موسم بہار کی آمد پر ایک میلہ سجایا جس میں پتنگ بازی کے مقابلے کئے گئے۔
روایتی طور پر منایا جانے والا تہوار بسنت جس میں خصوصی طور پر پتنگ بازی کا رواج عام ہے پاکستانیوں کا من پسند تہوار ہے۔
گذشتہ کئی برسوں سے پاکستان کے متعدد شہروں میں پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے تاہم سعودی عرب میں موجود بہت سے پاکستانی اپنا یہ شوق پورا کرنے کے لیے ریاض اور الخبر میں میلے سجاتے ہیں۔

پتنگ بازی کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے خاص طور پر الخبر میں دمام، دہران، الجبیل، ریاض، الحساء اور جدہ سے بھی پاکستانیوں کی اچھی خاصی تعداد ہر سال جوش و خروش سے اس میں شرکت کرنے کے لیے پہنچتی ہے۔
 گذشتہ 45 سال سے الخبر میں اس بسنت میلے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس مرتبہ بھی ہاف مون بیچ کے گراونڈ پر اس میلے میں ہزاروں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے افراد نے بھی شرکت کی اور لطف اندوز ہوئے۔

اس میلے میں الخبر کائٹ کلب کے منتظمین کی جانب سے نہایت شاندار انتظامات کیے گئے۔
الخبر کائٹ کلب کے نگران شاہزیب بھٹی نے متظمین کو بسنت میلے کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

اس موقعے پر پتنگ بازی کے لیے ڈور، چرخیاں اور مختلف سائز میں رنگ برنگی خوبصورت پتنگیں خصوصی طور پر پاکستان سے منگوائی گئی تھیں۔ 
بچوں، نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں نے بہت بڑی تعداد میں اس میلے میں شرکت کی۔ شرکاء کے لیے کھانے پینے کا بھی نہایت شاندار انتظام کیا گیا۔ بچوں کے کے لیے تفریحی پروگرام اور خصوصی کھیلوں کا انتظام تھا۔

الخبر کے ہاف مون بیچ کے قریب رنگ برنگی پتنگوں سے آسمان نہایت خوبصورت منظر پیش کرتا رہا اور فضا بو کاٹا کے نعروں سے بھی گونجتی رہی۔
پاکستانیوں کے علاوہ سعودی باشندوں نے بھی اس میلے کے دوران ہونے والے پتنگ بازی کے مقابلوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور بھرپور حصہ لیا۔

میلے کی 45ویں سالگرہ کی مناسبت سے 45 پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا۔
دمام کے شاہین کائٹرز کلب کے صدر استاد دانی مہر اور دیگر نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ شرکت کی اور انتظامات میں الخبر کائٹ کلب کا بھرپور ساتھ دیا۔

شیئر: