Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ہلال احمر نے پاکستانی کی جان بچا لی

پاکستانی زائر کے دل نے حرکت بند کردی تھی (فوٹو: سبق)
سعودی ہلال احمر نے مکہ میں ایک پاکستانی عمرہ زائر کی جان بچا لی ہے۔
71 سالہ پاکستانی عمرہ کے لیے مسجد الحرام پہنچا  تھا۔ اچانک انہیں دل کا میں تکلیف ہوئی جس کے بعد مسجد الحرام میں ہلال احمر مرکز کے اہلکار ابتدائی طبی امداد کے لیے پہنچ گئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام میں سعودی ہلال احمر مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد بن رشید الثقفی نے بتایا ’جیسے ہی اطلاع ملی کہ ایک عمرہ زائر بے ہوش ہوگیا ہے فوراً ہی امدادی ٹیم جائے وقوعہ پہنچ گئی‘۔

کسی زائر کو کوئی عارضہ لاحق ہوجائے تو 997  پر رابطہ کرکے خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں (فوٹو: سبق)

’ 71سالہ پاکستانی کی نبض بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے۔پاکستانی زائر کے دل نے حرکت بند کردی تھی اور سانس آنا بند ہوگیا تھا‘۔
ہلال احمر کی ٹیم کے مطابق’اجیاد ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دل کو متحرک کرنے کی کوشش کی جاتی رہی۔ ہسپتال میں داخل ہونے سے قبل ہی نبض بحال ہوگئی اور پاکستانی زائردوبارہ سانس لینے لگا۔‘
 ڈاکٹر خالد بن رشید الثقفی نے بتایا ’مسجد الحرام میں اگر کسی زائر کو کوئی عارضہ لاحق ہوجائے تو ایسی صورت میں 997 آپریشن روم پر رابطہ کرکے خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں‘۔

مسجد الحرام میں چار میڈیکل سینٹرز چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں (فوٹو: سبق)

’ اسعفنی‘ (میری مدد کرو) ایپلی کیشن کے ذریعے بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔
 سعودی ہلال احمر مرکز کے ڈائریکٹر کے مطابق مسجد الحرام میں مستقل بنیادوں پر چار میڈیکل سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں۔ امدادی عملہ ہر وقت ڈیوٹی پر ہوتا ہے۔ 
چار ایمبولینس گاڑیاں ہر وقت مدد کے لیے تیار ہوتی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پہنچ جاتی ہیں اور متاثرہ شخص کو قریب ترین سینٹر یا ہسپتال پہنچا دیتی ہیں۔
 

شیئر: