Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محنتی بنگلہ دیشی کارکن کے لیے انعام

بنگلہ دیشی کارکن کا کہنا ہے کہ وہ گھر والوں کو بھی خوشی میں شریک کریں گے (فوٹو، سبق نیوز) 
مکہ میں ادارہ تعلیم کے ذمہ داروں نے بنگلہ دیشی کارکن کی کام سے لگن کو دیکھتے ہوئے اس کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جس میں انہیں سائیکل کا تحفہ دیا۔
بنگلہ دیشی کارکن کی رہائش کام کی جگہ سے دو کلو میٹر دور تھی اس کے باوجود انہیں کبھی دفتر پہنچنے میں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں ہوئی۔ مقامی ویب نیوز ’سبق‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ادارہ تعلیم کے ڈائریکٹر رائد بن سمران نے کہا کہ ’بنگلہ دیشی کارکن ' محمد ' کافی عرصے سے دفتر میں ملازم ہیں۔ آج تک کسی کو ان سے کوئی شکایت نہیں ہوئی سب سے بڑی بات یہ کہ گذشتہ دو برس کے حاضری رجسٹر میں ان کی نہ چھٹی ہے اور نہ ایک منٹ کی تاخیر۔‘
بن سمران کا کہنا تھا کہ ’کارکن کا اخلاق اور کام سے ان کی لگن کے سب ہی معترف ہیں، اپنے ساتھیوں کے مقابلے میں وہ سب سے ممتاز مقام پر فائز ہیں۔ ان کی محنت کو دیکھتے ہوئے ادارے نے فیصلہ کیا کہ دفتر آنے اور جانے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سائیکل کا تحفہ دیا جائے'

  بنگلہ دیشی کارکن کا کہنا تھا کہ میرے کام کی تعریف اعزاز کی بات ہے (فوٹو: سبق) 

 اخبار کا کہنا ہے کہ ’کارکن کوتحفہ دینے کے لیے ادارے میں چھوٹی سی تقریب کی گئی جس میں تمام عہدیداروں نے مشترکہ طورپر انہیں انعام میں سائیکل دی تاکہ انہیں دفتر آنے جانے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘
اپنے خلوص اور محنت کے صلے میں ملنے والے اعزاز پر کارکن کی آنکھیں خوشی سے بھر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میرے کام کی قدر کی جائے گی، میں نے کبھی یہ سوچ کر کام نہیں کیا کہ مجھے کوئی انعام و اکرام ملے بلکہ میں اپنے طور پر مکمل دیانت داری اور اخلاص سے کام کرتا رہا کیونکہ یہ میرے فرائض کا حصہ تھا۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ' مجھے اس بات کی خوشی تو ہے کہ ادارے کی جانب سے سائیکل کا تحفہ دیا گیا ہے تاہم اس سے زیادہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میرے کام کو سراہا گیا جو میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔ میں اس خوشی میں بنگلہ دیش میں اپنے گھر والوں کو بھی شریک کروں گا اور انہیں اس تقریب کی یادگاری تصاویر ارسال کروں گا۔‘

شیئر: