Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سردی کے باعث متعدد شہروں میں سکول بند

ریاض میں کل رات درجہ حرارت منفی ریکارڈ کی گئی ( فوٹو: طقس العرب)
سعودی عرب میں سردی کی شدید لہر کے باعث متعدد شہروں میں آج منگل کو تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ دیگر شہروں میں سکول اوقات موخر اور اسمبلیاں ختم کردی گئیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں سردی کی لہر زیادہ شدید تر ہے جہاں طریف، حزم الجلامید اور شمالی حدود ریجن میں آج سکول بند رہے جبکہ اسی پٹی میں واقع دیگر شہروں کے محکمہ تعلیم نے سکول بند کرنے یا نہ کرنے کا اختیار سکولوں کی انتظامیہ کو دے دیا ہے۔
ادھر ریاض میں محکمہ تعلیم نے رات گئے تک اعلامیہ جاری کر کے کہا ہے کہ آج منگل سے جمعرات تک اسمبلی معطل رہیں گی۔
محکمہ تعلیم ریاض کے سربراہ حمد الوہیبی نے سردی کی شدید لہر کے باعث والدین کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کریں کہ انہیں بچوں کو سکول بھیجنا ہے یا نہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ’سردی کی لہر کے باعث والدین زیادہ بہتر انداز میں فیصلہ کرسکتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو سکول بھیج سکتے ہیں یا نہیں تاہم سانس کے مریض طلبہ کے لیے بہتر ہے کہ وہ سکول نہ آئیں‘۔
اسی طرح کا فیصلہ الدوادمی محکمہ تعلیم کے سربراہ عبد اللہ بن حمد السبیعی نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سردی کی لہر کے باعث الدوادمی کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں اسمبلیاں معطل کی جاتی ہیں تاہم پہلی کلاس ساڑھے 7 بجے شروع کی جائے گی‘۔
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ ’سردی کی لہر سعودی عرب کے مختلف شہروں میں آج بھی رہے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شمالی علاقوں میں سردی زیادہ شدید ہوگی تاہم آج اس میں مزید پھیلاؤ ہوگا‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’شمالی اور وسطی علاقوں سمیت آج مدینہ منورہ میں سردی کی شدت محسوس کی جائے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’رات کے وقت خصوصی طور پر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، کھلا پانی جم جائے گا‘۔
 
 

شیئر: