Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بھی پھولوں اور تحائف کا کاروبار

’ محبت کا جشن سب منا سکتے ہیں اور یہ صرف غیر مسلموں تک ہی محدود نہیں‘
محبت کا موسم ہے اور ہر طرف دل اور پھول دکھائی دے رہے ہیں۔ ایسے میں سعودی عرب میں بھی کچھ عرصہ پہلے تک ’حرام‘ سمجھا جانے والا ویلنٹائن ڈے منایا جا رہا ہے۔
لگ بھگ تین سال پہلے تک سعودی عرب میں ویلنٹائن منانے کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی مذہبی پولیس ’کمیشن فار پروموشن آف ورچو اینڈ پروینشن آف وائس‘ کے ڈر سے کاروباری حضرات اپنے سرخ گلاب اور دل کی شکل والے چاکلیٹس چھپا لیتے تھے۔
حتیٰ کہ ملک میں ریستوران مالکان نے گرفتاری کے خوف سے 14 فروری کو سالگرہ یا برسی کی تقریبات پر بھی پابندی عائد کر رکھی تھی۔

2018 میں اس معاملے پر پیش رفت اس وقت ہوئی جب مکہ میں مذکورہ کمیشن کے سابق صدر شیخ احمد قاسم الغامدی نے اعلان کیا کہ ویلنٹائن ڈے اسلامی تعلیمات یا نظریات کے منافی نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ محبت کا جشن سب منا سکتے ہیں اور یہ صرف غیر مسلموں تک ہی محدود نہیں۔

اب جبکہ پوری دنیا میں ویلنٹائن ڈے منایا جا رہا ہے تو سعودی شہری بھی اپنے پیاروں کے لیے تحائف، پھول، رنگ برنگے غبارے اور بھالو خرید رہے ہیں۔

شیئر: