Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: کورونا کے شبے میں زیر علاج چینی باشندے کی خودکشی

وزارت صحت نے واقعے کی تصدیق کی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
جدہ کے شاہ فہد جنرل ہسپتال میں کورونا وائرس کے شبے میں زیر علاج چینی باشندے نے تیسری منزل سے کود کر خودکشی کر لی ہے۔
وزارت صحت نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ مریض کو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے چینی باشندے کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

مریض کو ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیاتھا (فوٹو: سوشل میڈیا)

جدہ کے شاہ فہد جنرل ہسپتال میں ہلال الاحمر کے ذریعے ایک چینی مریض کو لایا گیا تھا جس کے بارے میں نجی ہسپتال نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ اسے کورونا وائرس لاحق ہونے کا امکان ہے۔
مریض کو احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ہسپتال کے خصوصی وارڈ میں لیبارٹری رپورٹ آنے تک منتقل کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات کے تحت مریض کی مسلسل نگرانی کا عمل بھی جاری رہا۔
ہسپتال میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے کہ اگر کسی قسم کا وبائی وائرس مریض کے جسم میں موجود ہوتو وہ پھیلنے نہ پائے۔
وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ چینی شہری شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی کا طالب علم تھا اور وہ گزشتہ آٹھ ماہ سے مملکت میں مقیم تھا تاہم اسے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ’قرنطینہ‘ میں رکھا گیا تھا۔
ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا مریض کے تمام ٹیسٹ درست آئے تھے۔
وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا ’چینی مریض کو ہسپتال کے خصوصی وارڈ میں رکھا گیا تھا جو عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا تھا۔‘
سنیچر کی صبح مریض نے کمرے کی کھڑکی کا سیفٹی لاک کھولا اور عمارت کی تیسری منزل سے نیچے کود گیا۔ چینی شہری کے لواحقین کو اطلاع فراہم کردی گئی ۔ قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔

شیئر: