Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرونا وائرس: ’چین سے آنے والے مسافروں کی نگرانی‘

تمام ایئر پورٹس پر احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب میں تمام ایئر پورٹس پر 'نئے کرونا' وائرس سے بچاﺅ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
 محکمہ سول ایوی ایشن اور وزارت صحت کے باہمی اشتراک سے ہوائی اڈوں پر چین سے آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جائے گی۔
احتیاطی تدابیر چین میں وبائی صورت اختیار کرنے والے ' نئے کرونا وائرس ' سے بچاﺅ کے لیے کی جارہی ہیں۔

 وزارت صحت کی جانب سے بندرگاہوں پر بھی حفاظتی اقدمات کر دیے گئے ہیں۔ افوٹو: اخبار24

 سبق نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن کی جانب سے مملکت کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو جاری سرکلر میں ہدایت کی گئی ’ چین سے براہ راست یا بلواسطہ آنے والے مسافروں کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے اس امر کی یقین دہانی کی جائے کہ کرونا وائرس کا شکار کوئی مریض ان میں شامل نہ ہو‘۔
 وزارت صحت کے مخصوص یونٹس کو ہوائی اڈوں پر متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ مشتبہ مسافروں کا فوری طبی معائنہ کر سکیں۔
 وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے’ انسداد وبائی امراض کے یونٹس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ یونٹس کسی بھی مشکوک مریض کا معائنہ کرنے سے قبل اس حفاظتی اقدامات کرنے کے پابندہیں‘۔
دوسری جانب سے بلدیہ کے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جراثیم کش ادویات کے سپرے کے لیے خصوصی انتظام کریں تاکہ وبائی امراض کے جراثیم سے بچاﺅ کیاجاسکے۔

بلدیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جراثیم کش ادویات کے سپرے کے لیے خصوصی انتظام کریںفوٹو: ٹوئٹر

 عاجل ویب نیوز کے مطابق چین میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں سعودی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وائرس سے متاثرہ مقام ’ووھان سٹی‘ سے دور رہیں اور جلد از جلد سفارتخانے سے رابطہ کریں تاکہ انہیں بحفاظت نکالا جاسکے۔ 
واضح رہے ہندوستانی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے خبر دی تھی کہ ایک انڈین نرس جو کہ سعودی عرب کے عیسر ریجن میں کام کرتی ہے کرونا وائرس میں مبتلا ہے۔
 اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کی انڈین وزیر مملکت کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انڈین نرس کرونا وائرس کا شکار نہیں بلکہ اسے سانس کے سینڈروم کے وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ 
سعودی وزارت صحت کے مطابق اب تک چین میں ظاہر ہونے والے نئے کرونا وائرس کا شکار کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔
 وزارت صحت کی جانب سے فضائی اور بری سرحدی چوکیوں کے علاوہ بندرگاہوں پر بھی حفاظتی اقدمات کر دیے گئے ہیں۔ 

شیئر: