Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی، ہلاکتیں 1665

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1،665 ہو گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس کے نئے کیسز میں تین روز سے مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے، تاہم عالمی ادارہ برائے صحت کا کہنا ہے کہ وبا کے حوالے سے کسی قسم کی پیش گوئی کرنا ناممکن ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین میں وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 1،665 ہو گئی ہے، جبکہ دنیا بھر میں 68 ہزار سے زیادہ افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ چین کے صوبہ ہوبئے میں نئے کیسز میں پچھلے تین دن سے کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ دیگر شہروں میں 12 دنوں میں کم سے کم کیسز سامنے آئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے متنبہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں وبا کیا رخ اختیار کرے گی، اس حوالے سے پیش گوئی کرنا ناممکن ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام ممالک اور نجی اداروں سے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنے اور وائرس کے بارے میں ہیجان نہ پھیلانے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے وائرس سے نمٹنے کے لیے دنیا سے وقت مانگا ہے اور ان کو نہیں معلوم کہ اس پر قابو پانے کے لیے کتنا وقت درکار ہوگا۔
اقوام متحدہ نے چین سے وائرس کی تشخیص کے طریقہ کار پر مزید تفصیل مانگی ہے۔
جمعرات کو  کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں یک دم اضافہ سامنے آیا تھا جب چینی حکام نے متاثرین کی تعداد ریکارڈ کرنے کا طریقہ کار تبدیل کیا۔
صوبہ ہوبائی میں حکام کے مطابق وائرس سے متاثرہ  افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ وائرس کی تشخیص کے دائرہ کار کو وسیع کرنا تھا۔ نئی فہرست میں وہ متاثرین بھی شامل تھے جن میں وائرس کی تشخیص پھیپھڑوں کے سکین کی بنیاد پر ہوئی تھی۔

دنیا بھر میں 68،000 سے زیادہ افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس کے عالمی ماہرین کی ٹیم جلد بیجنگ روانہ ہو گی۔
دوسری جانب جاپان کے ساحل پر کھڑی کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز میں سوار 355 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
پانچ فروری سے مسافر ڈائمنڈ پرنسز میں پھنسے ہوئے ہیں جن کو وائرس کے پھیلنے کے ڈر سے باہر آنے نہیں دیا جا رہا۔
امریکہ، جاپان اور ہانگ کانگ اپنے شہریوں کو بحری جہاز سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جاپان کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 1219 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 355 کے وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوئی ہے۔
ڈائمنڈ پرنسز پر سوار 3700 افراد کا تعلق پچاس سے زیادہ ممالک سے ہے۔

شیئر: