Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کی خریداری، غیر ملکیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس لازمی

گاڑی خریدنے والے غیر ملکی کے لیے ڈرائیونگ لا ئسنس کی شرط لازمی ہےفوٹو: سوشل میڈیا
 سعودی عرب ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی خریدنے والے غیر ملکیوں کے لیے ڈرائیونگ لا ئسنس کی شرط لازمی ہے جبکہ سعودی شہری اس سے مستثنٰی ہیں۔
محکمہ ٹریفک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ وہ اپنی اہلیہ کے نام سے گاڑی خریدنا چاہتے ہیں کیا اس کے لیے اہلیہ کا ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہے۔
 ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا ’ سعودی شہری کے لیے گاڑی خریدنے کے لیے لازمی نہیں کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہو تاہم غیر ملکی کے لیے یہ پابندی ہے کہ وہ اس وقت تک گاڑی اپنے نام سے نہیں خرید سکتا جب تک اس کے پاس سعودی عرب کا کارآمد ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو‘۔

ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر چالان 150سے 300 ریال تک ہے۔فوٹو: سوشل میڈیا

 ویب نیوز ’سبق‘ نے کارشورومز انتظامیہ سے رابطہ کیا تاکہ مارکیٹ کی صورتحال معلوم کی جا سکے۔ شورومز مالکان کی جانب سے بتایا گیا کہ غیر ملکیوں کے لیے گاڑی کی ملکیتی دستاویز بنانے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہے جبکہ ایسے غیر ملکی جن کے اہل خانہ کی مجموعی تعداد پانچ سے کم ہو ان کے فیملی وین یا سات سیٹوں والی گاڑی خریدنے پر پابندی عائد ہے‘۔
’ سعودی شہریوں پر خواہ وہ مرد ہوں یا خواتین، ایسی کوئی پابندی نہیں وہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی اپنے نام سے خرید سکتے ہیں‘۔
واضح رہے اس سے قبل جبکہ مملکت میں خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی عائد تھی بیشتر خواتین نے اپنے ناموں سے گاڑیاں خریدی ہوئی تھیں جس کے لیے انہو ں نے غیر ملکی ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کی تھیں۔
 خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد لوگوں کا خیال تھا کہ گاڑی خریدنے کے لیے سعودی خواتین کو بھی ڈرائیونگ لائسنس کی پابندی کرنا ہو گی جس پر محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’یہ پابندی صرف غیر ملکیوں کے لیے ہی ہے سعودی شہریوں کے  لیے نہیں ‘۔
دریں اثنا سبق نیوز کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر ایک ہزار ریال جرمانہ اور سات دن قید کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان 150 سے 300 ریال تک ہے۔

شیئر: