Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ ایئر پورٹ معیاری خدمات کے حوالے سے سرفہرست

مدینہ کے ہوائی اڈے پر مسافروں کےلیے تمام سہولیتیں موجود ہیں (فوٹو:اخبار 24)
مملکت کے تمام ہوائی اڈوں میں مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ کو مسافروں نے بہترین ہوائی اڈا قرار دیا ہے۔
مدینہ منورہ کے ہوائی اڈے کو مسلسل تیسری بار بہترین ایئر پورٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مدینہ گورنریٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس حوالے سے جاری خبر میں کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری سروے رپورٹ جو مسافروں کی رائے پر مبنی ہے کا جائزہ لینے کے بعد مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کو تیسری باربھی بہترین اور معیاری خدمات کا اعزاز حاصل ہوا۔
اس ضمن میں سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سالانہ 80 لاکھ مسافروں کی آمد ورفت ہوتی ہے۔

سالانہ 80 لاکھ مسافرمدینہ ایئر پورٹ استعمال کرتے ہیں ۔ فوٹو ، سبق نیوز 

ایئر پورٹ کی مرکزی مسجد میں بیک وقت 2000 نمازیوں کی گنجائش ہے جبکہ مخصوص افراد کے لیے علیحدہ سے ٹریک اوردیگر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایئر پورٹ پر مسافروں کے لیے 94 کاؤنٹرز ہیں جن میں سے 24 کاؤنٹر سیلف سروس کے جبکہ 6 ڈیجیٹل سکینگ مشینیں موجود ہیں جو مسافروں کے سفری دستاویز کو خودکارطریقے سے سکین کرتی ہیں۔
ڈْیجیٹل مشینوں سے مسافر خود چیک ان کر سکتے ہیں انہیں بورڈنگ پاس حاصل کرنے کے لیے لائن میں ٹھہرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئر پورٹ پر 102 امیگریشن کے کاونٹرز ہیں جہاں انتہائی تربیت یافتہ عملہ ہمہ وقت موجود ہوتا ہے۔

مسافروں کی سہولت کے لیے 102 امیگریشن کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

فرسٹ کلاس کے مسافروں کے لیے 3 لاؤنج ہیں۔
شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حوالے سے گذشتہ برس اپریل 2019 میں بھی مسافروں سے سروے کیا گیا تھا جو ایئر پورٹ پر فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے تھا۔ سروے میں مسافروں نے مدینہ کے ایئرپورٹ کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔
اس ضمن میں سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت اور انہیں بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل بہتری کی جانب سفر جاری رہے گا۔

شیئر: