Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک اور معمر بے گھر کو ٹھکانہ مل گیا

اولڈ ہوم میں تمام سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی نے سوشل میڈیا پر بے گھر معمر شخص کی فریاد سن کر اسے ٹھکانہ فراہم کر دیا ہے۔
معمر شخص مکہ کے ایک نجی ہسپتال کے باہر چھپر ڈال کر کافی عرصے سے وہاں مقیم تھا۔
بے گھر مقامی معمر شخص کی حالت دیکھ کر کسی نے اس کی وڈیو وائرل کر دی جو وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کے ذمہ داروں تک پہنچی۔ معمر شخص کے بارے میں فوری طور پر معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹیم کو روانہ کیا گیا۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت محنت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ معمر شخص مکہ کے علاقے العزیزیہ کے نجی ہسپتال کے باہر ڈیرہ ڈالے ہوئے تھا۔
معمر شخص کا کوئی والی وارث بھی نہیں تھا۔ تنہا سڑک پر ہی زندگی کے شب و روز گزارنے پر مجبور تھا۔

بے گھر شخص نے اسپتال کےباہر ڈیرہ ڈال لیا تھا  (فوٹو: سبق نیوز) 

معمر شخص کے بارے میں وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی ٹیم نے اپنی رپورٹ دی جس میں شخص کے بارے میں تفصیلات درج کرتے ہوئے فوری اقدام کی سفارش بھی کی گئی تھی۔
تحقیقاتی ٹیم کی سفارش پر عمل کرتے ہوئے وزارت کے متعلقہ شعبے نے فلاحی تنظیم کے تعاون سے معمر شخص کے لیے مکہ کے ہوٹل میں عارضی قیام کا بندوبست کر دیا۔
وزارت محنت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ معمر شخص کی رہائش کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ان کا تفصیلی طبی معائنہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ اس بات کی یقین دہانی کی جا سکے کہ انہیں کوئی وبائی مرض تو لاحق نہیں۔ بعدازاں انہیں اولڈ ہوم میں منتقل کر دیا جائےگا۔
واضح رہے کہ وائرل ہونے والی وڈیو میں معمر شخص نے متعلقہ اداروں اور مخیر افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بے گھر، بے سہارا اور بیمار ہیں ان کی مدد کی جائے۔
 اس سے قبل بھی ایک معمر اور بے گھر شخص جو ساحل کے قریب پارک میں مقیم تھا کو وزارت محنت نے گھر فراہم کیا تھا۔
 

شیئر: